مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی پرچم لہرا دیے

سری نگر:  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ میں یونیورسٹی کی طالبہ سمیت 3 کشمیریوں کے قتل کے خلاف پیر کو مکمل ہڑتال کی گئی، پلوامہ میں طالبہ شائستہ حمید اور نوجوان دانش فاروق کے جنازے میں شریک ہزاروں افراد نے پاکستانی پرچم لہرا دیے، اس دوران مقبوضہ وادی پاکستان اور آزادی کے نعروں سے گونجتی رہی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو بھارتی فوج کے ہاتھوں طالبہ سمیت 3 کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر حریت کانفرنس کی اپیل پر پیر کے روز مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ قابض انتظامیہ نے سرینگر کے مائسمہ اور ڈائون ٹائون کے علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا۔ ہڑتال کی کال حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے دی تھی جس کی آسیہ اندرابی ، ظفر اکبربٹ اور مختار احمد وازہ نے بھی حمایت کی۔ بھارتی فوجیوں نے اتوار کو ضلع پلوامہ کے علاقے کاکپورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران ایک نوجوان عادل وگے کو شہید کردیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.