معین خان ہیڈ کوچ اور شعیب محمد فیلڈنگ کوچ مقرر

عامر سہیل، باسط علی اور محمد الیاس عہدوں سے فارغ۔ معین خان قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور شعیب محمد فیلڈنگ کوچ مقرر، ذاکرخان منیجر ہونگے۔

لاہور:  سابق وکٹ کیپر بیٹسمین معین خان کو ایشیا کپ اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے اور عامر سہیل کو چیف سلیکٹر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ جونیر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد الیاس اور کراچی کی ریجنل اکیڈمی کے کوچ باسط علی کو بھی فارغ کر دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا ہے کہ عامر سہیل کو کوئی لیٹر ہی جاری نہیں کیا گیا تھا لہذا ان کے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اظہر خان قائم مقام چیف سلیکٹر ہونگے جبکہ سلیم جعفر اور فرخ زمان بدستور سلیکٹرز کی ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔ ظہیرعباس بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر غیرملکی دوروں پر جائیں گے۔ یہ تمام فیصلے نجم سیٹھی کی سربراہی میں قائم کی گئی منیجمنٹ کمیٹی نے اپنے پہلے اجلاس میں کیے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے ذکا اشرف کو ہٹا کر نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمن مقرر کر دیا جن کی سربراہی میں قائم کردہ منیجمنٹ کمیٹی نے اپنے پہلے اجلاس میں ذکا اشرف کے کیے گئے فیصلوں کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے ان میں ردوبدل کیا جو غیرمتوقع نہیں۔ معین خان کو کوچ بنانے کا فیصلہ اس چار رکنی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے جو نئے کوچ کا انتخاب کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔ کمیٹی نے وقار یونس اور معین خان کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا تھا۔ کمیٹی کو تقریباً پچیس درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں کوئی بھی غیرملکی شامل نہیں تھا۔ معین خان نے اس سے پہلے کوچنگ نہیں کی ہے لیکن انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ گزشتہ سال پاکستانی ٹیم کے منیجر بنائے گئے تھے اور انہوں نے اپنی خوش دلی اور عمدہ رویے کے سبب ڈریسنگ روم میں انتہائی خوشگوار ماحول قائم کرنے کے ساتھ ذرائع ابلاغ اور ٹیم کے درمیان اچھے روابط میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اور محمد اکرم بولنگ کوچ ہونگے۔ بورڈ نے بولنگ کوچ کے عہدے کے لیے اشتہار ہی نہیں دیا تھا اور ذکا اشرف نے پہلے سے کام کرنے والے محمد اکرم کے معاہدے میں دو سال کی توسیع کر دی تھی اور نئی منیجمنٹ نے بھی انہیں برقرار رکھا ہے۔

تبصرے بند ہیں.