معین خان کو ہی چیف سلیکٹر بنایا جائے گا، چیئرمین بورڈ

نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر فیصلوں کا اختیار مل گیا تو معین خان کو ہی چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ ان کے مطابق کوچ ڈیو واٹمور نے زمبابوین ٹور کی رپورٹ نہیں دی، ان سے ملاقات میں سیریزپر بات ہو گی،کپتان مصباح کی تبدیلی کے بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا، البتہ دورئہ زمبابوے کی رپورٹس دیکھنے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکے گا۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میڈیا اور چند آفیشلز کا یہی کہنا ہے کہ دورہ زمبابوے میں کھلاڑیوں کی باڈی لینگوئج حوصلہ افزا نہیں تھی، چند مواقع پر جارحانہ انداز اپنانے کی ضروت نظر آئی مگر ایسا نہ ہوا، وہاں تمام فیصلے ٹور سلیکشن کمیٹی، کوچ، کپتان اور منیجر نے کیے، ذمہ داری بھی سب کو لینا ہوگی، میری معین خان سے ملاقات ہوئی، انھوں نے ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کرتے ہوئے تجاویز بھی پیش کیں، کوچ ڈیو واٹمور سے ملاقات نہیں ہوئی، وہ ابھی رپورٹ دیں گے، ان سے اور کپتان مصباح الحق سے بات کروں گا تاہم مینجمنٹ میں فی الحال تبدیلیوں کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ جب تک اختیارات بحال نہیں ہوتے اور مشاورت نہیں کرلیتا سب باتیں قبل از وقت ہوں گی، واٹمور کا ابھی کنٹریکٹ چل رہا ہے، ایسے معاہدے ختم کریں تو زر تلافی ادا کرنا پڑتا ہے، مصباح الحق کپتان ہیں، ابھی کسی نے نہیں کہا کہ انھیں ہٹا دو تاہم ابھی کوچ اور منیجر کی رپورٹس ملنا ہیں، بات چیت ہوگی پھر سوچیں گے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں معین خان کو ہی منیجر دیکھنا چاہتا ہوں، اگر اختیار مل گیا تو انہی کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سونپنے کا اپنا سابقہ فیصلہ برقرار رکھوں گا، اس سے قبل انھیں ٹیم کے ساتھ وقت گزارنے کا جتنا وقت مل جائے اچھا ہے، سابق کپتان مسائل سے آگاہی ہونے کی بدولت سلیکشن کے معاملے میں بہتر فیصلے کرسکیں گے۔

تبصرے بند ہیں.