مصر: مرسی کےحامیوں اورمخالفین میں جھڑپیں، مزید 32 افراد ہلاک

قاہرہ: مصرمیں مرسی کےحامیوں اورمخالفین میں جھڑپوں کے نتیجے میں مزید 32 فراد ہلاک جب کہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر میں فوجی انقلاب کے باوجو دحالات پرقابو نہیں پایاجاسکا، صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد ملک کی صورت حال تیزی سے خراب ہورہی ہے،معزول صدر کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک 32 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق حالات اس وقت مزید کشیدہ ہوگئے جب معزول صدر کے حق میں نکالی گئی ریلی پر فوج نے فائرنگ کردی جس کے بعد دونوں اعتراف سے ایک دوسرے پر پتھراؤکیا گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ شمالی شہر اسکندریہ میں معزول صدر کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں میں 12 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ مظاہروں کے بعد تحریر اسکوائر اور ٹی وی اسٹیشنز پر فوج تعینات کر دی گئی۔ دوسری جانب عبوری حکومت نے اسلام پسندوں کی اکثریت والی منتخب پارلیمان بھی تحلیل کردی جب کہ قاہرہ میں اخوان المسلمون کے اہم رہنما خیرات الشاطیر کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ افریقی ممالک کی تنظیم افریقین یونین نے صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد مصر کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

تبصرے بند ہیں.