پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مسائل کا حل عوامی راج ہے، عوام کے منتخب نمائندوں کو اسلام آباد میں بٹھائیں گے۔دورہ شکارپور کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے، ہمارے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہوا، صرف پیپلز پارٹی کہتی تھی کہ دہشتگردوں سے مقابلہ کرنا پڑے گا ورنہ یہ ختم نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہماری اتنے سالوں کی محنت کو چند دنوں میں خراب کر دیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے جیلوں سے فرار دہشتگردوں کو یہاں آباد کرنے کا پروگرام بنایا، احتساب کیا جائے کہ یہ کیسے ہوا، ریاست کے دشمنوں کو ایک بار پھرملک پر مسلط کیا گیا۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد میں جو فیصلے ہوتے ہیں ان کو عوام کو بھگتنا پڑتا ہے، آئین کہتا ہے جہاں بجلی کے وسائل موجود ہیں پہلے وہاں کے عوام کا اس پر حق ہے، ہمیں کہا جاتا ہے آپ مہنگی ایل این جی خریدیں، ہمیں ناانصافی کو ایڈریس کرنا ہے، جب تک نا انصافی کو ایڈریس نہیں کریں گے اس وقت تک بجلی مسائل پر قابو نہیں پاسکیں گے۔بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتا ہے، ہم الیکشن کمیشن سے ہی درخواست کرتے ہیں کہ تاریخ کا اعلان کریں، اس وقت ہر کسی کا مسئلہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہے یہی میرا اعتراض ہے۔
تبصرے بند ہیں.