مرلی دھرن ، کل آسٹریلیا کے نشانے پر آج اس کا باولنگ مشیر

ایک دوررتھا کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم ہی نہیں ان کا وزیر اعظم بھی لنکن سپین جادوگر مرلی دھرن کے ایکشن کے پیچھے پڑا ہوا تھا ، اور ایک یہ دور ہے کہ اسی آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ امارات میں بیٹھ کر وہ انہیں کھیل کے گر سکھا رہے ہیں۔

دبئی (نیٹ نیوز) برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکن آف سپنر متایا مرلی دھرن کو آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ دیکھ کر ذہن ماضی میں کھوجاتا ہے جب اسی آسٹریلوی کرکٹ نے ان کے کریئر کو وقت سے پہلے ختم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی یہاں تک کہ سابق آسٹریلوی وزیراعظم جان ہاورڈ نے ان کے بولنگ ایکشن کو چکر قرار دیا تھا۔ لیکن آج یہی آسٹریلوی کرکٹ مرلی کے جادو سے حریفوں کو بے بس کرنا چاہتی ہے اور مرلی دھرن بھی پیشہ ورانہ انداز میں آسٹریلوی کرکٹرز کی ضرورتوں کو پورا کر رہے ہیں۔ مرلی اس وقت آسٹریلوی ٹیم کے باولنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں جہاں ان کا مقابلہ پاکستانی ٹیم سے ہے۔ مرلی کو وہ وقت یاد دلانے کی کوشش کی گئی کہ آپ کے باولنگ ایکشن پر سب سے زیادہ شور مچانے والے آسٹریلوی تھے اور انہی کے امپائرز ڈیرل ہیئر اور راس ایمرسن نے آپ کی گیندوں کو نوبال قرار دیا تھا اور آپ اب انہی کے ساتھ بیٹھے ہیں تو دھیمے لہجے میں بات کرنے والے مرلی دھرن نے اسے بھول جاو اور معاف کردو کے فلسفے کے ذریعے سمجھانے کی کوشش کر ڈالی۔ آسٹریلوی کرکٹ کے کرتا دھرتا کو مرلی سب سے پہلے اس وقت یاد آئے تھے جب انہوں نے آف اسپنر نیتھن لائن اور چند دوسرے باولرز کو اس سال کے اوائل میں چند روز کے لیے سری لنکا بھیجا تھا تا کہ وہ سری لنکن ساحر سے کچھ سیکھ سکیں۔ یہ حکمت عملی اب اپنا اثر دکھا رہی ہے۔ مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ وہ صرف آسٹریلوی سپنرز پر ہی کام نہیں کر رہے ہیں بلکہ بیٹسمینوں کو بھی بتاتے ہیں کہ حریف سپنرز کو کس طرح کھیلنا ہے۔ مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ وہ پندرہ ڈگری کی حد میں رہتے ہوئے مخصوص گیند دوسر کرچکے ہیں۔ کہتے ہیں کہ میرے ایکشن پر اعتراض ہوا تو مجھے بائیو مکینک کے کئی ٹیسٹ سے گزرنا پڑا لیکن میں نے ثابت کر دکھایا کہ میں قواعد وضوابط میں رہ کردوسرا کرسکتا ہوں۔ وہ گیند میں نے دس اعشاریہ چار ڈگری میں کی تھی۔ سعید اجمل کے باولنگ ایکشن کے معاملے پر مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتاق کی مدد سے سعید اجمل اس مسئلے پر قابو پا سکتے ہیں۔ کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.