مانسہرہ:گلگت جانیوالا فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ، 5 میجرز سمیت 12 شہید

ہیلی کاپٹر میں سوار عملہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے جا رہا تھا کہ دھند کے باعث پہاڑی سے ٹکرا گیا ، صدر اور وزیر اعظم کا اظہار افسوس

مانسہرہ () راولپنڈی سے گلگت جانے والا فوجی ہیلی کاپٹر مانسہرہ کے قریب گر کر تباہ ، پانچ میجرز سمیت بارہ اہلکار شہید ہوگئے ، شہدا میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف شامل ہیں ۔ شہدا کے جسد خاکی مہاڑ منتقل کر دئیے گئے ۔ صدر اور وزیر اعظم نے حادثے پر گہرے دکھ اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ مانسہرہ کے علاقے لساں نواب صاحب میں آرمی ہیلی کاپٹر کو افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے جانے والے پاک فوج کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔ آرمی ایوی ایشن کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر میں پانچ میجرز سمیت بارہ اہلکار موجود تھے ۔ افسوسناک حادثے میں ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹ میجر مزمل ، میجر ہمایوں اور میجر ڈاکٹر شہزاد ، میجر ڈاکٹر عاطف ، میجر ڈاکٹر عثمان شہید ہوگئے ۔ شہداء میں حوالدار منیر عباسی ، نائیک عامر سعید ، نائیک او ٹی مقبول ، نرسنگ اسسٹنٹ امان اللہ ، سپاہی رحمت اللہ ، سپاہی وقار بھی شامل ہیں ۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں بارہ افراد سوار تھے ۔ بظاہر حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں شدید دھند چھائی ہوئی تھی ۔ بدقسمت ہیلی کاپٹر پہاڑ کے ساتھ ٹکرایا جس کے بعد اسے آگ لگ گئی ۔ امدادی کارکن اور مقامی افراد تین گھنٹے پیدل مسافت طے کر کے جائے حادثہ پر پہنچے ۔ دشوار گزار راستے اور موسم کی خرابی کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ صدر اور وزیر اعظم نے حادثے پر گہرے دکھ اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔

 

تبصرے بند ہیں.