مارک زکربرگ کے اثاثوں میں 2022 کے دوران 71 ارب ڈالرز کی کمی

میٹا پلیٹ فارم کے سی ای او 2022 کے دوران 71 ارب ڈالرز سے محروم ہوچکے ہیں۔

درحقیقت رواں سال مختلف وجوہات کے باعث دولت سے محروم ہونے والے افراد میں مارک زکربرگ سرفہرست ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق مارک زکربرگ اس وقت 55.9 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے 20 ویں امیر ترین شخص ہیں۔

2020 میں مارک زکربرگ کے اثاثوں کی مالیت 106 ارب ڈالرز ہوگئی تھی اور ان سے آگے صرف جیف بیزوس اور بل گیٹس ہی تھے۔

ستمبر 2021 میں مارک زکربرگ کے اثاثوں کی مالیت 142 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی تھی۔

اکتوبر 2021 میں انہوں نے فیس بک کمپنی کا نام بدل کر میٹا رکھا تھا اور اس کے بعد سے تنزلی کا سفر شروع ہوگیا۔

میٹا کی حالیہ سہ ماہی رپورٹس میں کمپنی کی مشکلات سامنے آئی تھیں۔

فروری 2022 میں اکتوبر سے دسمبر 2021 کی سہ ماہی رپورٹ جاری ہوئی تھی جس میں کمپنی نے انکشاف کیا تھا کہ پہلی بار فیس بک کے ماہانہ صارفین میں کمی آئی ہے۔

اس رپورٹ کے بعد میٹا کے حصص کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی آئی اور مارک زکربرگ کو 31 ارب ڈالرز سے محروم ہونا پڑا۔

ماہرین کے مطابق میٹا ورس پر سرمایہ کاری کی وجہ سے بھی کمپنی کے حصص متاثر ہوئے اور قوی امکان ہے کہ آئندہ 3 سے 5 سال تک مارک زکربرگ کو کافی دولت سے محروم ہونا پڑے گا۔

میٹا کے لیے 2022 بدترین سال ثابت ہوا ہے جس کے حصص کی قیمتوں میں اب تک 57 فیصد کمی آئی ہے۔

دوسری جانب ٹک ٹاک نے میٹا کے صارفین کو اپنی جانب کھینچا ہے اور ان کی واپسی بہت مشکل ہے۔

ماہرین کے مطابق ورچوئل دنیا کے قیام کی کوششیں نہ کی جارہی ہوتیں تو میٹا کو اتنا نقصان نہیں ہوتا۔

خیال رہے کہ مارک زکربرگ کی دولت میٹا کے حصص سے منسلک ہے اور وہ 35 کروڑ سے زیادہ حصص کے مالک ہیں۔

تبصرے بند ہیں.