لاہور میں تحریک انصاف کا سیاسی طاقت کا مظاہرہ

پاکستان تحریک انصاف کا مینار پاکستان پر جلسہ، عمران خان سٹیج پر موجود، پنڈال میں ہر طرف پارٹی پرچموں کی بہار، نغموں کی گونج

لاہور: () تحریک انصاف کے جلسے میں سرخ اور سبز رنگ ہر طرف بکھر گئے۔ جلسہ گاہ میں پارٹی پرچموں کی بہار آ گئی۔ نوجوان خواتین اور بچے رقص کرتے رہے۔۔ تحریک انصاف نے کراچی کے بعد لاہور میں بھی بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا اور مینار پاکستان پر رنگ جما لیا۔ جلسے میں عوام کا جم غفیر دکھائی دیا۔ جلسہ گاہ میں ہر طرف تحریک انصاف کے پرچم لہراتے رہے۔ سرخ اور سبز رنگ ہر طرف بکھرے ہوئے تھے۔ لگتا تھا کہ جیسے پرچموں کی بہار آ گئی ہے۔ پنڈال میں ہر عمر اور طبقے کے لوگ موجود تھے۔ نوجوان، بوڑھے، خواتین اور بچے انتہائی پُرجوش نظر آئے۔ پارٹی نغموں کی گونج اور ڈھول کی تھاپ پر کارکن رقص کرتے رہے۔ خواتین نے جو ش و خروش میں مردوں کو بھی مات دے دی۔ جلسے میں ان کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ کئی خواتین اپنے بچے بھی ساتھ لے کر آئی تھیں۔ چہروں پر خوب صورت نقش ونگار اور سروں پر پارٹی کیپ کے ساتھ خواتین تمام وقت وکٹری کے نشان بناتی اور نعرہ بازی کرتی رہیں۔ بچے بھی انتہائی پُرجوش دکھائی دیئے۔ بوڑھے بھی کسی سے پیچھے نہ تھے۔ ایک معمر خاتون بھی بھنگڑا ڈالتی نظر آئی۔ کئی خواتین نے تالیاں بجاتے ہوئے رقص کیا۔ عمران خان کی جلسہ گاہ آمد پر کارکنوں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا۔ گاڑی کے ساتھ دوڑیں بھی لگاتے رہے۔ نعروں کی گونج کے باعث کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔

تبصرے بند ہیں.