لاہور کا جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے: عمران خان

عمران خان کی مینار پاکستان پر للکار، کہتے ہیں وزیراعظم ابھی استعفیٰ نہ دیں تاکہ تحریک گھر گھر پہنچ جائے۔ جمعرات کو میانوالی میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

لاہور:) لاہور کے مینار پاکستان گرائونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سوئی ہوئی قوم کو جگانے کیلئے میں نے 18 سال جدوجہد کی۔ آج اللہ تعالیٰ نے میری دعا قبول کی اور پاکستانی قوم کو جگا دیا ہے۔ حکمران سمجھتے تھے کہ ہم چند روز میں اپنا دھرنا ختم کرکے چلے جائیں گے لیکن پاکستانی قوم نے اسلام آباد دھرنے کو 45 دن تک طویل کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں ناانصافیوں پر کوئی آواز نہیں اٹھاتا تھا۔ پاکستان میں ایسے ظلم دیکھے کوئی باہر نہیں نکلتا تھا۔ آصف زرداری جب صدر بنے تو میں نے اس کیخلاف احتجاج کیا۔ لاپتا افراد کیخلاف پہلی دفعہ میں سڑکوں پر نکلا۔ عافیہ صدیقی کو اٹھا کر امریکا کے حوالے کر دیا گیا تو میں نے اپنی سوئی ہوئی قوم کو جگانے کیلئے آواز بلند کی۔ عمران خان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت بچانے کیلئے نہیں بلکہ لوٹا ہوا پیسہ بچانے کیلئے اکھٹی ہوئی ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن والوں کے اصل چہرے سامنے آ گئے ہیں۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری مل کر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ میں کہتا رہا کہ یہ دونوں اوپر سے لڑائی کرتے اور اندر سے بھائی بھائی ہیں لیکن کوئی نہیں سنتا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کو اب الیکشن کمیشن نے بھی تسلیم کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ عوام کے دبائو کی وجہ سے سامنے لائی گئی ہے جس میں واضع طور پر کہا گیا ہے کہ آخری وقت میں پولنگ سٹیشن بدل دیے گئے تھے۔ تحریک انصاف کی سونامی کو دیکھ کر الیکشن سے دو دن قبل جعلی بیلٹ پیپر چھپوائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک فارم 14 کو ویب سائٹ پر نہیں ڈالا کیونکہ اسے ویب سائٹ پر ڈالنے سے ریٹرننگ افسران پکڑے جائیں گے۔ ان ریٹرننگ افسران کو پاکستان کا میر جعفر افتخار چودھری کنٹرول کر رہا تھا۔ نواز شریف نے اپنی تقریر میں ریٹرننگ افسران سے کہا کہ مجھے اکثریت دلوائو۔ نواز شریف کی تقریر کے بعد یو این ڈی پی کے سسٹم کو جان بوجھ کر بند کر دیا گیا تھا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں نے کسی کے کاندھوں پر بیٹھ کر سیاست نہیں کی۔ میں جنرل جیلانی کی نرسری اور ضیاء الحق کی گود میں بیٹھ کر پروان نہیں چڑھا اور نہ ہی آئی ایس آئی سے کوئی رقم وصول کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ایک وقت آئے گا کہ وزیراعظم کے گھر سے بھی ”گو نواز گو” کے نعرے گونجیں گے۔ جب تک مجھے انصاف نہیں ملے گا نواز شریف حکومت نہیں کر سکیں گے۔ –

تبصرے بند ہیں.