قومی ٹی 20 میلے کیلئے میدان سج گیا

اسلام آباد: قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ کا میلہ منگل سے شروع ہوگا، راولپنڈی میں شیڈول کوالیفائنگ راؤنڈ میں 8 ٹیمیں شریک ہونگی، ٹاپ ٹو کو پیش قدمی جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ منگل سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جس میں 8ٹیمیں شریک ہونگی، مقابلے 5 ستمبر تک جاری رہیں گے، اس مرحلے کے دونوں سیمی فائنلز کے فاتحین سمیت12ٹیمیں 8ستمبر سے شروع ہونے والے مین راؤنڈ میں ٹائٹل کیلیے جنگ لڑیں گی۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز انتخاب عالم نے گورننگ بورڈ کے رکن شکیل شیخ اور اسپانسر اداروں کے نمائندوں کے ہمراہ ایونٹ کے لوگو کی تقریب رونمائی کے موقع پر پریس کانفرنس میں بتایا کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں 8 ریجن کی ٹیمیں شامل ہیں جنھیں 2گروپس میں تقسیم کیاگیاہے۔

گروپ اے میں کوئٹہ، لاڑکانہ، لاہور (بلو) اورآزادجموں وکشمیر، گروپ بی میں کراچی(بلو)، فاٹا، ڈیرہ مرادجمالی اور بہاولپور ریجن شامل ہونگے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران روزانہ 3میچز پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، پہلامیچ دوپہر 12 بجے، دوسرا شام 4بجے جبکہ تیسرا مقابلہ رات 8بجے شروع ہوگا۔ مین راؤنڈ کیلیے ٹیموں کو بھی 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں سیالکوٹ،کراچی (وائٹ)، حیدر آباد، ملتان، راولپنڈی اور ایک کوالیفائر ریجن کی ٹیم شامل ہوگی، گروپ بی میں پشاور، فیصل آباد، اسلام آباد، لاہور (وائٹ)، ایبٹ آباد اور ایک کوالیفائر ریجن کی ٹیم کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، اس مرحلے میں روزانہ 3میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ 2 ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ہونگے، 8ستمبر کو اسلام آباد میں ہونیوالے میچز مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے، ٹائٹل کیلیے فیصلہ کن مرحلے میں ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز 14جبکہ فائنل 15ستمبر کو کھیلاجائے گا۔

تبصرے بند ہیں.