قومی ٹیم پر وائٹ واش کا خطرہ انگلینڈ سے تیسرا ٹی 20 آج ہوگا

شارجہ: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹوئنٹی 20 میچ پیر کو شارجہ میں کھیلا جارہا ہے، وائٹ واش کی خفت کا خطرہ گرین شرٹس کے سر پر منڈلانے لگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز رینکنگ میں دوسری پوزیشن سے کیا مگر ابتدائی دونوں مقابلوں میں شکست کی وجہ سے سیریز ہارنے کے باعث چوتھے نمبر پر پہنچ چکا، اب ایک اور ناکامی اسے چھٹے نمبر پر دھکیل دے گی، ابتدائی دونوں مقابلوں میں گرین شرٹس کی پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی، اگرچہ دوسرے میچ میں تھوڑی بہتری دکھائی دی مگر عمر اکمل کے باؤنڈری پر غیرمعمولی کیچ کے علاوہ فیلڈنگ ناقص رہی۔ ابتدائی دونوں معرکوں میں 39 سالہ رفعت اللہ مہمند کو بطور اوپنر موقع دیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے دونوں اننگز میں 39 رنز ہی اسکور کیے، وہ انٹرنیشنل لیول پر انتہائی تاخیر سے ملنے والے موقع سے کوئی بھی فائدہ نہیں اٹھاسکے۔ شارجہ میں اگر پاکستان نے اضافی اسپن آپشن کے ساتھ میدان سنبھالنا چاہا تو پھر بلال آصف کو موقع مل سکتا ہے چونکہ سیریز پہلے ہی ہاتھ سے نکل چکی، اس لیے مزید تبدیلیوں کی بھی توقع کی جاسکتی ہے، عامر یامین اور محمد عرفان دونوں میچز نہیں کھیلے۔

تبصرے بند ہیں.