قومی ٹوئنٹی 20 کپ؛ کئی اسٹارز ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے

لاہور:  آئندہ ماہ پاکستان کے2 شہروں میں شیڈول قومی ٹوئنٹی 20 کپ میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا، مختصر طرز کے اس قومی ایونٹ میں کئی اسٹارز ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے، ٹیسٹ قائد مصباح الحق اور ورلڈ 20 ٹوئنٹی2016 میں گرین شرٹس کی قیادت کرنے والے آل رائونڈر شاہد آفریدی اپنے جونیئرز کی کپتانی میں کھیلیں گے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں تسلی بخش کارکردگی نہ دکھانے والے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کو کسی بھی ریجن کی ٹیم نے منتخب کرنے کے قابل نہیں سمجھا، اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پیسر محمد آصف بھی بولی نہ لگنے کی وجہ سے ایونٹ سے دور رہیں گے، اسی کیس کے ایک اور کردار سلمان بٹ لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے، دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم سے نظر انداز احمد شہزاد لاہور بلوز کے کپتان بن گئے، یکم اپریل 2014 سے مختصر طرز کی کرکٹ میں گرین شرٹس کا حصہ نہ بننے والے کامران اکمل کو لاہور وائٹس کا کپتان بنایا گیا، اکبرالرحمن کراچی وائٹس اورخالد لطیف کراچی بلوزکے قائد ہوں گے، راولپنڈی ریجن کے کپتان آل راؤنڈر سہیل تنویر اور پشاور ریجن کے قائد رفعت اللہ مہمند ہیں، فاٹا ریجن کی قیادت فواد خان کریںگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی طرز پر نیشنل ٹوئنٹی20 کپ میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا، ایونٹ25 اگست سے 16 ستمبر کے درمیان راولپنڈی اور ملتان میں ہو گا، اس میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں لاہور بلوز، وائٹس، کراچی وائٹس، بلوز، راولپنڈی، پشاور، اسلام آباد اور فاٹا شریک ہوں گی۔

تبصرے بند ہیں.