Latest National, International, Sports & Business News

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکا کا سرکاری دورہ، پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات

اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکا کے سرکاری دورہ کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں مقیم پاکستانی تارکین وطن سے ملاقات کی، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے سفیر ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا، آرمی چیف سے ملاقات کیلئے بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانی جمع ہوئے۔اوورسیز پاکستانیوں نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کے دوران مسلح افواج کی شاندار کارکردگی، ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے حقیقی سفیر قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا، انہوں نے پاکستانی معیشت، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نیک نامی، ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں ان کی اعلیٰ کارکردگی کو قابلِ قدر قرار دیا۔اوورسیز پاکستانیوں نے آرمی چیف کے ساتھ اپنے تجربات اور تجاویز بھی شیئر کیں، جنرل عاصم منیر نے ان کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔یہ ملاقات ایک نئے عزم اور وابستگی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس میں آرمی چیف اور اوورسیز پاکستانیوں نے ایک محفوظ، خوشحال اور مضبوط پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں امریکا میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نیویارک ٹائم اسکوائر، واشنگٹن ڈی سی اور مختلف مقامات پر سپہ سالار اور خوبصورت پاکستان کی ویڈیوز کی نمائش کا سلسلہ جاری ہے۔واشنگٹن ڈی سی کی مختلف شاہراہوں پر بھی ڈیجیٹل ٹرک کے ذریعے افواج پاکستان کی قربانیوں اور بے مثال خدمات کو اُجاگر کیا گیا۔ ان ویڈیوز میں افوج پاکستان اور شہداء کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی افواج پاکستان سے والہانہ محبت سے واضح ہے کہ عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تبصرے بند ہیں.