ممبئ: فکسنگ اسکینڈل منظر عام پر آنے سے بکیز کے 5000 کروڑروپے ڈوب گئے۔ جواریوں نے بقایا جات ادا کرنے سے صاف انکار کردیا، صرف ممبئی میں بالی ووڈ اور سیاسی حلقوں سے وابستہ 200 خواتین آئی پی ایل میچز پر جوا کھیلتی رہیں۔ ذرائع کے مطابق فکسنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ممبئی میں میچز پر جوا کھیلنے والوں کی اکثریت باقی رقم دینے کو تیار نہیں،ان میں زیادہ تر خواتین شامل جن کا تعلق فلم انڈسٹری یا سیاسی حلقوں سے ہے۔ ذرائع کے مطابق بالی ووڈ کے ایک اداکار کی والدہ آئی پی ایل میچز پر17 کروڑ روپے کا جوا ہار گئیں، انھوں نے ابھی تک رقم ادا نہیں کی، ایک خاتون کو 17 لاکھ روپے دینے تھے۔ جب بکی اس کی رہائش گاہ پر پہنچا تو انھوں نے کہا کہ میچز فکسڈ ہونے سے ان کے ساتھ دھوکا دہی ہوئی اور وہ ہارگئیں اس لیے رقم نہیں دیں گی، جب اس بکی نے انڈر ورلڈ کی دھمکیاں دیں تو خاتون نے کہا کہ میں ابھی شور مچا دوں گی کہ تم میرے ساتھ زبردستی کر رہے ہو جس پر اس بکی کو خالی ہاتھ وہاں سے لوٹنا پڑا۔ دریں اثنا اسپاٹ فکسنگ کیس میں گرفتار فاسٹ بولر شری شانتھ نے تہاڑ جیل میں ٹی وی پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی، جیل کے ترجمان سنیل گپتا کا کہنا ہے کہ شری شانتھ اور ان کے ساتھ گرفتار اجیت چنڈیلا اپنے سیل نمبر ایک میں ٹی وی پر تمام صورتحال میں دلچسپی لیتے رہے، انھوں نے کہا کہ شری شانتھ روزانہ اخبارات کا مطالعہ کرتے ہیں، دونوں ہی اب جیل کے ماحول کے عادی ہوتے جارہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.