فٹبال میلہ، گروپ بی، مین اسپین کا پہلا ٹاکرا یورو گئے سے ہوگا

ریو ڈی جنیرو: 2014 فیفا ورلڈ کپ کیلیے 15 سے 30جون 2013 تک جاری 8 ٹیموں پر مشتمل کنفیڈریشنز کپ کے 9 ویں ایڈیشن میں گروپ بی کا ابتدائی میچ اسپین اور یوروگوئے کے درمیان ریسائف میں اتوار 16جون کو کھیلا جائیگا۔ گروپ بی میں یورپ سے تعلق رکھنے والے فٹبال پلیئرز کی تعداد زیادہ ہے، کم مقبول تاھیتی اور نائیجیریا پیر کو بیلو ہوریزینٹو کے منیارو اسٹیڈیم پر اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔ پانچ برسوں کے دوران اسپین کی ٹیم نے ہر ممکنہ فتوحات حاصل کی ہیں لیکن یہ وہ ٹرافی ہے جسے کوچ وائسنٹے ڈیل بوسکو کی ٹیم کو زیادہ طلب ہے۔ 2009 میں دفاعی ورلڈ اور یورپین چیمپئنز اس سے قبل اپنے واحد کنفیڈریشنز کپ میں تیسری پوزیشن پر آئے تھے جبکہ ڈیل بوسکو کہتے ہیں کہ مقابلے کو سنجیدگی سے لیا جائیگا۔ توقع کے مطابق بارسلونا اور ریئل میڈرڈ کے بیشتر کھلاڑی اسکواڈ میں شامل ہیں جن میں 26 پلیئرز میں 13 کو ڈیل باسکو نے نامزد کیا ہے۔ 62 سالہ کوچ نے اسٹرائیکر فرنانڈو تورے کو دوبارہ طلب کیا ہے، بائرن میونخ مڈفیلڈر جاوی مارٹینیز کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، دونوں کھلاڑیوں کو مارچ میں فرانس اور فن لینڈ کیخلاف اسپین کے کوالیفائرز میں نظر انداز کیا گیا تھا،گروئن انجری اور سرجری کی وجہ سے ریئل میڈرڈ مڈفیلڈر زابی الونسو ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ دو مرتبہ ورلڈ کپ فاتح یوروگوئے ارجنٹائن میں 2011 کے کوپا امریکا ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد سے مسلسل تنزلی کی جانب گامزاں ہے، ماضی کے چھ جنوبی امریکن کوالیفائرز میں صرف دو پوائنٹس اور آٹومیٹک کوالیفکیشن کٹ آؤٹ سے تین درجے نیچے ساتویں پوزیشن پر پہنچنے والے لا سیلیسٹے کو برازیل میں ہونیوالے 2014 ورلڈ کپ سے اخراج کا خطرہ درپیش ہے، حالیہ برسوں میں یوروگوئے کی قوت اس کا اٹیک ہے اور یہ ٹورنامنٹ اس سے مستثنیٰ نہیں ہوگا۔ سپر ایگلز نائیجیریا نے منیجر اسٹیفن کیشی کے زیر سربراہی گذشتہ دو برسوں میں دوسری زندگی پائی ہے۔ 1994 میں آل ٹائم ہائی ورلڈ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنیوالا نائیجیریا جرمنی میں 2006 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرسکا تھا، جس کے چار برس بعد وہ گروپ اسٹیج سے آگے نہیں بڑھ سکا تھا۔ لیکن کیشی کے کھلاڑیوں نے فروری میں 2013 افریقن کپ آف نیشنز کے فائنل میں برکینا فاسو پر 1-0 سے کامیابی حاصل کرکے اپنے آپ کو ایک علاقائی طاقت تسلیم کرالیا تھا۔نائیجیریا کے کنفیڈریشنز کپ اسکواڈ میں چیلسی مڈفیلڈر جون اوبی مائیکل کیساتھ مکابی ٹیل اویو گول کیپر ونسنٹ اینیاما شامل ہیں۔ ٹیم میں مائیکل کے بلوز ٹیم کے ساتھ وکٹر موسس اور سابق المیریا مڈفیلڈر کالو اوچھے انجری کے سبب غیر حاضر ہیں۔ پیسیفک آئی لینڈ کی چھوٹی ریاست تاھیتی نے 2012 اوشانیا نیشنز کپ میں نیو کالیڈونیا پر ایک، صفر سے فتح کے بعد برازیل کی ٹکٹ حاصل کی ہے۔ اسٹیوی چونگ ہیو میچ کا واحد گول اسکور کرکے ایک ہی رات میں ایسے ملک کے ہیرو بن گئے تھے جہاں فٹبال سے زیادہ دلکش ساحل سمندر موجود ہیں۔ تاھیتی سائیڈ میں زیادہ تر امیچر موجود ہیں لیکن کوچ ایڈی ایتائتا کو اصرار ہے کہ ٹیم اپنے کنفیڈریشنز کپ حریفوں کے لیے تر نوالہ ثابت نہیں ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.