جنوبی افریقہ کیریبیئن امیدوں کا قلعہ مسمار کرنے کیلیے تیار

کارڈف: چیمپئنز ٹرافی میں جمعے کو شیڈول میچ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کیلیے کوارٹر فائنل بن گیا، جو ٹیم جیتی سیمی فائنل میں پہنچ جائیگی۔ ڈیل اسٹین کے فٹ ہونے سے پروٹیز کے حوصلے مزید بلند ہوگئے، دوسری جانب ویسٹ انڈیز بھی جنوبی افریقی امیدوں کا قلعہ مسمار کرنے پر تلا ہوا ہے، سنیل نارائن ایک بار پھر کیریبیئن امیدوں کے محور ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان جمعے کو کارڈف کے صوفیا گارڈن میں مقابلہ ہوگا۔ دونوں ہی ٹیمیں اپنے ابتدائی میچز میں بھارت سے شکست اور پاکستانی ٹیم پر فتح حاصل کرچکی ہیں، دونوں کے پوائنٹس یکساں ہیں۔ بھارت پہلے ہی اپنے دونوں ابتدائی میچز جیتنے کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا اب دوسری جگہ پر قبضے کیلیے ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان جنگ ہوگی۔پروٹیز کو اس اہم ترین میچ سے قبل فاسٹ بولر اسٹین کے فٹ ہونے کی خوشخبری مل چکی ہے، ان کی شرکت بظاہر یقینی دکھائی دے رہی ہے، ٹورسلیکشن کمیٹی کیلیے اسٹین کی خاطر جگہ بنانے کیلیے ٹسوبے، کرس مورس اور میک لارین میں سے کسی ایک کو باہر بٹھانے کا فیصلہ مشکل ہورہا ہے، میک لارین نے پاکستان کیخلاف میچ میں کیریئر بیسٹ 4 وکٹیں لی تھیں، اس لیے مورس کو ڈراپ کیے جانے کا امکان زیادہ ہے۔ ہاشم آملا پر ایک بار پھر توقعات کا بوجھ ہوگا۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے حوصلے کافی بلند ہیں خاص طور پر گذشتہ برس ٹوئنٹی 20 چیمپئن بننے کے بعد وہ ون ڈے ایونٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنا چاہتا ہے، بھارت کیخلاف میچ میں صرف سنیل نارائن ہی دو وکٹیں لے پائے تھے۔

تبصرے بند ہیں.