فنڈنگ ثابت،عمران خان غیر ملکی کٹھ پتلی،فوری گرفتاریاں عمل میں لائی جانی چاہئیں،فضل الرحمان

اسلام آباد:پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کے بعد پی ٹی آئی کے عہدیداران کی فوری طور پر گرفتاریاں عمل میں لائی جانی چاہئیں، ان کے ملازمین کو گرفتار کر کے مزید تفصیلات حاصل کی جائیں۔نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان اورتحریک انصاف کے خلاف فرد جرم آچکی ہے،اب اس کے خلاف آئین وقانون کے مطابق کیا سزا ہوگی مرحلہ آچکا ہے،عمران خان اب ملزم نہیں مجرم قراردیئے جاچکے ہیں،یہ پارٹی فارن ایڈڈ پارٹی ڈکلیئرہوچکی ہے، ثابت ہوچکا ہے پی ٹی آئی کوغیرملکی فنڈنگ ہوئی،الیکشن کمیشن فیصلے کی روح کے مطابق صادق اورامین نہیں کذاب اورخائن بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلسل نئی نسل کے سامنے جھوٹ بول رہا ہے،آئے روزعمران خان کا بیانیہ تبدیل ہوتا ہے، اب آئین وقانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی،جھوٹے سرٹفیکیٹ جمع کرائے جوآئین کی خلاف ورزی ہے۔ اس نے ریاست کی عمارت کو زمین بوس کرنے کے لیے عالمی سطح پرمدد حاصل کی، قوم ہرادارہ جودفاع وطن کے جذبے سے سرشارانہیں ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، فنڈنگ کیس میں ثابت ہوچکا عمران خان غیر ملکی کٹھ پتلی ہیں،351غیرملکی کمپنیز اور34غیرملکی شہریوں سے فنڈنگ لی گئی، اس نے اسرائیل، بھارت، امریکا، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ سے فنڈنگ لی، ان ممالک کی فنڈنگ سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے ان کا ایجنڈا کیا تھا، 16 بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے،عجیب سے بات ہے کہتے ہیں فیصلہ ہمارے حق میں آگیا،جب تھوڑا سا ہوش آیا تواب الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کرنے کا اعلان کررہے ہیں۔امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کہنا تھا کہ بنوں میں کہا تھا یہ اب الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالے گا، یہ الیکشن کمیشن کواب بلیک میل کررہا ہے، ہم ان کے خلاف مدعی نہیں تھے، مدعی ان کی پارٹی کا اکبر ایس بابر تھا، اکبر ایس بابر سرخرو ہوئے، سٹیٹ بینک نے شواہد فراہم کیے ہیں، سکروٹنی کمیٹی انہی کی حکومت میں بنائی گئی تھی۔ اکبرایس بابر نے 2011ء میں عمران کو ان جرائم سے آگاہ کیا تھا، عمران نے اپنے دستخطوں سے بینک اکاؤنٹس کھلوائے، صرف عمران خان نہیں پوری پارٹی جرم میں شرکتدار ہے، تمام جماعتیں کہہ رہیں اب فوری طور پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے، صدرمملکت کوفوری طورپراستعفیٰ دینا چاہیے، صدرعارف علوی پرجرم ثابت ہوچکا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے عہدیداران کی فوری طورپرگرفتاریاں عمل میں لائی جانی چاہئیں، ان کے ملازمین کو گرفتار کر کے مزید تفصیلات حاصل کی جائیں، اب ریاست کی بقا کا مسئلہ ہے، ریاست کی بقا کے لیے ریاست کے دفاع کے تمام ذمہ داران کوملک کو بچانے کی فکرکرنی چاہیے، اس قسم کے جرائم پیشہ طبقوں کوملک کی سیاست سے اکھاڑباہرپھینکیں گے، اس کومثال بنادینا چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں سبق حاصل کریں۔

تبصرے بند ہیں.