فرنچ اوپن، راجر فیڈرر اور سرینا ولیمز پہلی آزمائش میں سرخرو

یرس: فرنچ اوپن میں راجرفیڈرر اور سرینا ولیمزپہلی آزمائش میں سرخرو ہوگئے۔ گذشتہ برس پہلے راؤنڈ سے باہر ہوجانے والی امریکی اسٹار نے اس مرتبہ ناکامی کے خوف کی دیوار گرادی، راجر فیڈرر کو بھی دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کیلیے کوئی مشکل پیش نہیں آئی، جائلز سیمون نے لیٹن ہیوٹ کا قصہ تمام کردیا، جاپان کی آیومی موریٹاکا سفر آغاز میں ہی اختتام پذیر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کی نمبر ون ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے گذشتہ برس فرنچ اوپن کی خوفناک یادوں سے چھٹکارا پاتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی ہے، انھوں نے جارجیا کی اینا ٹیٹشویلی کو 6-0 اور 6-1 سے آؤٹ کلاس کیا، اینا عالمی درجہ بندی میں 80 ویں نمبر پر موجود ہیں، اب تک ان کی بہترین کاوش گذشتہ ہفتے اسٹراس بورگ کے کوارٹر فائنلز میں رسائی ہے، انھوں نے رواں برس کسی بڑے ایونٹ کا ایک بھی میچ نہیں جیتا۔ انھیں شکست دینے میں سرینا کو صرف 51 منٹ لگے، یہ ان کی کیریئر بیسٹ مسلسل 25 میچ فتح ہے ۔ فرنچ اوپن 2012 میں وہ پہلے راؤنڈ کی مہمان ثابت ہوئی تھیں جب انھیں حیران کن طور پر فرانس کی ورجینی رازانونے شکست سے دوچار کردیا تھا، وہ ناکامی بری طرح سرینا کے اعصاب پر سوار ہوگئی تھی تاہم فرنچ اوپن کے بعد ان کے کھیل میں نمایاں بہتری آئی اور انھوں نے کئی بڑے ایونٹس اپنے نام کیے، اب وہ فرنچ اوپن کی صورت میں کیریئر کا 16 گرینڈ سلم جیتنے کی خواہشمند ہیں۔ سرینا نے اس فتح کے حوالے سے کہا کہ میں بہت خوش اور خود کو کافی مضبوط محسوس کررہی ہوں ، گذشتہ تین ماہ سے میری کارکردگی بہترین رہی ہے۔سرینا کا اب دوسرے راؤنڈ میں فرانس کی 20 سالہ کیرولین گارشیا سے ہوگا جنھوں نے 2011 میں ماریا شراپووا کے خلاف پہلے سیٹ میں 4-1 سے برتری حاصل کی تھی مگر بعد میں ناتجربہ کاری کی وجہ سے میچ ہار گئی تھیں۔ کیرولین گارشیا نے پہلے راؤنڈ میچ میں یوکرین کی یولیا بیگلزمیر کو 6-3 اور 6-4 سے پچھاڑا۔2008 کی چیمپئن اور 14 سیڈ اینا ایوانووک نے کروشیا کی پیٹرا میرٹک کے خلاف 6-1، 3-6 اور 6-3 سے کامیابی سمیٹی ، اب ان کا مقابلہ اگلے راؤنڈ میں فرانس کی میتھیلڈے جوہانسن یا پھر چینیلا شیپرز سے ہوگا، جس میں فتح کی بدولت وہ آخری 32 پلیئرز میں جگہ بنا پائیں گی۔ جاپان کی آیومی موریٹا کو قازقستان کی یولیا پٹنٹسیوا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب راجر فیڈرر نے اپنے پہلے مقابلے میں اسپینش کوالیفائر پابلو کارینو بسٹا پر 6-2، 6-2 اور 6-3 سے ہاتھ صاف کیے، 21 سالہ پابلو کا ورلڈ رینکنگ میں 166 واں نمبر ہے، انھوں نے سال کا آغاز 654 ویں پوزیشن سے کیا تھا مگر تھرڈ ٹائر سرکٹ میں انھوں نے 57 میں سے 53 مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے اپنی رینکنگ بہتر بنائی تاہم رولینڈ گروس پر 15 واں ایونٹ کھیلنے والے راجر فیڈرر کے سامنے ان کی ایک بھی نہیں چلی، یہ فیڈرر کی اس وینیو پر 55 ویں کیریئر فتح تھی، ان کا کہنا ہے کہ پابلو ایک باصلاحیت کھلاڑی اور ان کا مستقبل کافی روشن ہے۔ فیڈرر کی طرح ایک اور سابق نمبر ون پلیئر اور موجودہ رینکنگ میں 85 ویں نمبر پر موجود لیٹن ہیوٹ نے فرانس کے 15 سیڈ جائلز سیمون کے خلاف ابتدائی دو سیٹس میں کامیابی حاصل کی مگر اس کے بعد ان کی ہمت جواب دے گئی جبکہ جائلز نے بہتر اسٹیمنا کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ 3-6، 1-6، 6-4، 6-1 اور 7-5 سے جیت لیا۔ 33 سالہ ہیوٹ رولینڈ گروس پر پہلی مرتبہ 1999 میں کھیلے تھے، 2001 اور 2004 میں وہ کوارٹر فائنلسٹ رہے۔

تبصرے بند ہیں.