فرانس کو شکست دے کرپرتگال نے یورو کپ کا تاج اپنے سر سجالیا

پیرس: یورو کپ کے فائنل میچ میں پرتگال نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو شکست دے کر یورو کپ کا تاج اپنے سر سجالیا۔

اسٹیڈ ڈی فرانس میں یورو فٹبال کپ 2016 کا فائنل میزبان ٹیم فرانس اور پرتگال کے درمیان کھیلا گیا، میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑحملے کیے گئے لیکن کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ دوسرے ہاف کے شروع میں پرتگال نے دفاعی اندازاپنایا اور فرانس کی جانب سے کیے جانے والے ہر حملے کو ناکام بنایا لیکن دوسرے ہاف کے اختتام پر بھی دونوں ٹیموں کی جانب سے کوئی گول نہیں کیا جاسکا اور میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

مقررہ وقت میں میچ کا فیصلہ نہ ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کےدرمیان اضافی وقت کاکھیل شروع ہوا جس میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن دونوں ٹیمیں پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہیں تاہم دوسرے ہاف میں پرتگال کے کھلاڑی ایڈر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو0-1 کی برتری دلادی، میچ کے آخری لمحات میں فرانس کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن فرانسیسی ٹیم کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہی۔

تبصرے بند ہیں.