عامر کی واپسی؛ گرانٹ فلاور بھی انگلینڈ کی زبان بولنے لگے

لندن:  محمد عامر کے حوالے سے پاکستانی بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور انگلینڈ کی زبان بولنے لگے، ان کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کی جانب سے برا بھلا کہے جانے کا خدشہ موجود ہے تاہم اس کا ذمہ دارکوئی اور نہیں پیسر خود ہیں،غلط کیا ہے تو نتائج بھی بھگتنا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم کی انگلینڈ میں کارکردگی سے زیادہ محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر ممکنہ ردعمل کا چرچا ہے، میزبان کپتان الیسٹر کک نے انھیں تماشائیوں کے ممکنہ رد عمل سے ڈرایا،گذشتہ دنوں میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کراؤڈ کا رویہ منفی ہوگا جو درست بھی ہے، صرف سزا پوری کرلینا  ہی کافی نہیں بلکہ اس کے علاوہ بھی نتائج بھگتنا پڑتے ہیں،جو بھی حالات ہوں، پیسر کو ان کا سامنا کرنا پڑے گا، الیسٹر کک نے  تاحیات پابندی کی سزا بھی جائز قرار دی تھی، بعد ازاں برطانوی نشریاتی ادارے نے پریکٹس میچ میں عمدہ بولنگ پر  عامر کی کارکردگی کو سراہنے کے بجائے’’ فکسر‘‘ کی سرخی جمائی، ہفتے کو سابق انگلش اسپنر گریم سوان نے کہا کہ کھیل کی اخلاقیات تباہ کرنے والے پیسر کو کرکٹ کے گھر لارڈز میں دیکھنا شدید ناگوار گزرے گا۔

تبصرے بند ہیں.