فرانس اور سعودی عرب کے درمیان 12 ارب ڈالرز کے دفاعی مع

سعودی عرب اور فرانس نے بارہ ارب ڈالرز مالیت کے اسلحے اور دفاعی سازوسامان کے مختلف معاہدوں سے اتفاق کیا ہے۔

پیرس: (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور فرانس کے درمیان دفاعی شعبے میں طے پانے والے ان سمجھوتوں سے دونوں ملکوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات کی بھی عکاسی ہوتی ہے اور یہ فرانس کے خلیجی عرب ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کا بھی مظہر ہیں۔ یہ معاہدے گزشتہ ماہ مئی میں فرانسیسی صدر فرانسو اولاند کے سعودی عرب میں خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس میں شرکت اور خطاب کے تناظر میں طے پائے ہیں۔ وہ پہلے غیر ملکی سربراہ ریاست تھے جن کو جی سی سی کے فورم میں مہمان سربراہ کی حیثیت سے مدعو کیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر خارجہ لوراں فابیئس نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ائیر بس ایچ 145 کے تئیس ہیلی کاپٹروں سمیت دس سمجھوتے طے پائے ہیں۔ ان ہیلی کاپٹروں کی مالیت پچاس کروڑ ڈالرز ہوگی۔ فرانسیسی ساختہ ایچ 145 ہیلی کاپٹروں کا پرانا نام ای سی 145 ہے۔ دو انجنوں والا یہ ہلکا ہیلی کاپٹر عام طور پر ایمرجنسی خدمات اور سرحدوں کی فضائی نگرانی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
لوراں فابیئس نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب اپنے ہاں دو جوہری ریکٹروں کی تعمیر کے لئے فرانس کے ساتھ فزیبلٹی سٹڈی کے سمجھوتے پر بھی دستخط کرنا چاہتا ہے۔ عادل الجبیر نے ان جوہری ری ایکٹروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب فرانس سے جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں دلچسپی رکھتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.