فتح سے سفر طویل ہوگا، شکست فل اسٹاپ لگادے گی

ایڈیلیڈ: پاکستان کرکٹ کے دو اہم ستون مصباح الحق اور شاہد آفریدی کیریئر کے آخری میچز کھیل رہے ہیں۔ ناک آئوٹ مرحلے میں ٹیم کی شکست ون ڈے کیریئر پر فل اسٹاپ لگادے گی البتہ فتح سفر مزید چند روز جاری رکھے گی۔ مصباح الحق نے کہا کہ میں مطمئن انداز میں ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ رہا ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے ملک کے لئے بہتر کارکردگی دکھائی اور رخصت ہونے کا کوئی رنج نہیں۔ کوشش کروں گا کہ اپنے آخری میچ کو عام میچوں کی طرح کھیلوں اور اسے اپنے اوپر سوار نہ کرلوں۔ کمار سنگا کارا اور مہیلا جے وردھنے کے ساتھ سڈنی میں جو کچھ ہوا وہ کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ ہوسکتا ہے۔یاد رہے کہ مصباح الحق اور شاہد آفریدی ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میرے اور شاہد آفریدی کے لئے اطمینان بخش بات یہ ہے کہ دونوں نے ملک کے لئے جس قدر خدمت ہوسکتی ہے کی۔ ورلڈ کپ باقی ہے اور ہمارے ون ڈے کیریئر ابھی ختم نہیں ہوئے ہیں ۔ اس وقت ہمارا مشن ہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ جتوائیں اور اس سے پہلے آسٹریلیا کا میچ ہمارے لئے اہم ہے۔ اس میچ کو جیت کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ورلڈ کپ جیتنا خواب ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف سو فیصد کارکردگی دینا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کو شکست دینے کے لئے سادہ فارمولا ہے کہ اچھا کھیلو اور جیتو۔ اس میچ کو بھی عام میچوں کی طرح لو۔ اس میچ کو اپنے حواس پر سوا ر کریں گے تو انڈر پریشر آجائیں گے۔ مصباح الحق نے کہا کہ کئی بار جونیئرز، سینئرز کے انڈر میں کھیل رہے ہوتے ہیں ۔ عمر اکمل ، صہیب،حارث یا دیگر نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی ذمے داری کا احساس نہیں ہوتا۔ جب سینئرز چلے جائیں تو جونیئرز کو ذمے داری لینا ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

تبصرے بند ہیں.