غزہ میں اسرائیل کی بربریت، شہیدوں کی تعداد 172 تک جا پہنچی

غزہ میں اسرائیل کی وحشت وبربریت سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 172 تک جا پہنچی ہے۔ فضائی حملوں سے خون کی پیاس نہ بجھنے پر ظالم اسرائیل نے شمالی غزہ میں زمینی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔ امریکا نے اسرائیل کو ایک بار پھر ثالثی کی پیش کش کی ہے۔ ادھر فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ سے عالمی تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

غزہ: () اسرائیل ساتویں روز بھی معصوم فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنانے میں مصروف ہے۔ آج صبح قاسم بریگیڈ میں اسرائیلی فورسز نے بمباری کی۔ غزہ سٹی میں بھی مختلف عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں متعدد فلسطینی شہری جاں بحق ہو گئے۔ اسرائیلی بربریت میں اب تک پینتیس معصوم بچے اور چھبیس خواتین شہید ہو چکی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اب تک چار ہزار افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر دیگر مقامات پر منتقل ہوئے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف یہ جنگ لمبے عرصے تک جاری رہے گی۔ امریکا نے ایک بار پھر اسرائیل کو ثالثی کی پیش کش کی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو ٹیلیفون پر امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ جان کیری نے حماس کے راکٹ حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل کو اپنے تحفظ کا حق حاصل ہے۔ دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کو خط لکھ کر فلسطینی ریاست کو تحفظ فراہم کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔ محمود عباس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کی عالمی وفد سے تحقیقات کرائی جائیں۔ –

تبصرے بند ہیں.