عمران خان کے خلاف کرمنل انویسٹی گیشن کی جائے گی، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: سائفر سے متعلق آڈیو لیکس کے معاملے میں حکومت نے عمران خان کے خلاف فوج داری تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ثبوت موجود ہیں، آپ نے دوسری آڈیو لیکس میں کہا کہ ہم اسے خط کہیں کیونکہ عوام کو سمجھ آجائے گی، حقیقی آزادی والے کہہ رہے ہیں کہ ہم نے امریکا کا نام نہیں لینا، نام اس لیے لینا کیونکہ آپ جھوٹ بول رہے تھے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ نے ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیلا، آپ نے اسپیکر ڈپٹی اسپیکر اور صدر پاکستان سے آئین شکنی کرائی، یہ سیکرسی ایکٹ کا مسئلہ ہے یہ ناقابل معافی جرم ہے، آپ نے اس سائفر کو امریکی سازش بنا کر قوم کو گمراہ کیا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اداروں کا کام قومی سلامتی اور ملک کا دفاع ہے تمہاری کرسی بچانا نہیں، اس شخص نے قومی رازوں سے کھیلا، آڈیو لیک میں عمران خان کا پورا بیانیہ بے نقاب ہو گیا تھا، عمران خان نے قومی سلامتی کے حساس معاملے کو سیاست کی نذر کیا، یہ قومی سلامتی اور آئین و قانون کا معاملہ ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی آڈیو لیکس کے حوالے سے کابینہ کی میٹنگ ہوئی، کابینہ کی میٹنگ میں اس پر تفصیلی بریفنگ ہوئی، سیکریسی ایکٹ کے مطابق سائفر پبلک نہیں ہوسکتا، عمران خان نے اس سائفر کو منٹس میں تبدیل کر کے کھیل کھیلنے کا تماشا کیا، عمران خان نے اپنی دونوں آڈیو لیکس کی تردید نہیں کی، وہ اعتراف جرم کرچکے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ثبوت موجود ہیں، کابینہ نے اس پر تفصیلی بحث کی اور اس کے کابینہ کی سب کمیٹی بنائی گئی، سب کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ کرمنل انویسٹی گیشن کے زمرے میں آتا ہے، بھرپور تحقیقات کر کے اس معاملہ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جارہا ہے اس معاملے پر ایوان میں مکمل بحث ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.