عمران خان کےگھر پرنہ ہونےکی غلط بیانی ، کارسرکار میں مداخلت ، شبلی فراز پرمقدمہ درج

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو وارنٹ گرفتاری موصول کرانےکیلئے لاہور آنے والی اسلام آباد پولیس نے شبلی فراز سمیت ڈیڑھ سو نامعلوم کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد ندیم طاہر کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس لاہور میں درج کرایا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد ندیم طاہر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری لےکر عمران خان نیازی کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور پہنچے۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہےکہ شبلی فراز نے غلط بیانی کرتے ہوئےکارِ سرکار میں مداخلت کی اور لکھ کر دیا کہ عمرن خان نیازی وہاں موجود نہیں ہیں ، اس موقع پرڈنڈوں سے مسلح 100 سے ڈیڑھ سو کارکنوں نے انہیں روکے رکھا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان کی زمان پارک میں موجودگی سے متعلق غلط بیانی پر اسلام آباد پولیس نے شبلی فراز کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چیف آف سٹاف شبلی فراز نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری وصول کیے تھے، شبلی فراز نے وارنٹ پر لکھا کہ عمران خان موجود نہیں ہیں، وہ قانون کے مطابق تعمیل کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.