عمران خان کی 21 مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی، عدالت کا سرکلر جاری

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 21 مارچ کو ہائیکورٹ پیشی پر رجسٹرار ہائیکورٹ نے سرکلر جاری کر دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلع انتظامیہ کو سکیورٹی انتظامات کی ہدایت بھی کر دی، کورٹ نمبر ایک میں وکلاء اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا۔سرکلر میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے ساتھ 15 وکلاء کو کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت ہوگی، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلاء کمرہ عدالت میں جا سکیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔سرکلر کے مطابق کمرہ عدالت میں داخلے کیلئے خصوصی پاس کے ذریعے 20 مارچ تک لسٹیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، انتظامیہ کو خصوصی پاس اور ڈیپارٹمنٹ کارڈ والوں کو احاطہ عدالت سے نہ روکنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کو کمرہ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہوگی۔خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر 21 مارچ کو دوپہر اڑھائی بجے سماعت ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.