عمران خان نے نااہلی کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کر دی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے متعدد اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔ چیئر مین تحریک انصاف نے اپنی درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور سیکرٹری سمیت دیگر فریق بنایا ہے۔اعتراض میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بائیو میٹرک تصدیق نہیں کرائی اور عمران خان کے نااہلی فیصلے کی مصدقہ نقل درخواست کے ساتھ منسلک نہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کو کرپٹ پریکٹس کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 5 سال کے لیے نااہل کر دیا تھا، عمران خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.