اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے ذاتی مفاد کیلئے قومی سلامتی سے کھلواڑ کیا، اپنا سکینڈل سامنے آتے ہی انہیں سب کچھ یاد آجا تا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے جھوٹے مقدمات بنائے اس لئے ساری کابینہ ضمانت پر ہے، اب عوام کو بتائیں کس طرح 4 سال سیاسی انتقام لیتے رہے، ان کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج معیشت کا یہ حال ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی مخالفین کے خلاف ٹرینڈ چلانے کی ہدایات دیتی رہیں، بشریٰ بی بی نے کہا تھا سائفر کو غداری سے جوڑو، عمران خان کہہ رہے ہیں میں بتاؤں گا، آپ کو بتانا پڑے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان ذہنی توازن کھو چکے ہیں، جب پی ٹی آئی کا کوئی کیس سامنے آتا ہے تو یہ شور مچانا شروع کردیتے ہیں، عمران خان تب بولتے ہیں جب ان کے خلاف کوئی ثبوت سامنے آجائے، عوام نے عدم اعتماد کیا تو سازش یاد آ گئی۔انہوں نے کہا ہے کہ 4 سال تک ملک کے ہر شعبے میں ڈاکے ڈالے گئے، چار سال کس طرح بنی گالہ میں بزنس ڈیلز ہوتی رہیں،عمران خان عوام کو فرح گوگی کے بارے میں بتائیں، عمران خان نے آتے ہی سب کو جیلوں میں ڈال دیا، رانا ثناء، شہباز شریف پر جھوٹے مقدمات بنانے کی کوشش کی گئی، بتائیں کس طرح ایسٹ ریکوری یونٹ ایسٹ میکنگ یونٹ بنائے رکھا، نیب اور ایف آئی اے کو استعمال کر کے 4 سال سیاسی انتقام لیتے رہے۔
تبصرے بند ہیں.