عراق میں5کار بم دھماکے اور جھڑپیں،28افراد جاں بحق،110زخمی

بغداد: عراق کے مختلف شہروں میں 5 کار بم دھماکوں اور جھڑپوں میں 28 افراد جاں بحق جبکہ 110 زخمی ہوگئے۔

پیر کو ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد سے 300 کلو میٹر کے فاصلے پر عمارہ شہر میں دو کار بم دھماکوں میں 13 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہو گئے۔ دھماکے ایک مارکیٹ اور ایک نئی تعمیر ہونے والی عمارت کے قریب ہوئے۔ ہلاک ہونے والے تمام لوگ عام شہری ہیں۔

دوسرا دھماکہ دیوانیہ شہر میں ہوا جہاں 3 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔ عراق کے مقدس شہر کربلا میں بھی کار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔ عراقی شہر محمودیہ میں بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور 27 افراد زخمی ہو گئے۔

عراق کے مختلف شہروں میں سنی اور شیعہ مکتب کے گروپس میں کشیدگی گزشتہ ہفتے شروع ہوئی تھی جس کے بعد جھڑپوں، حملوں اور بم دھماکوں کی ایک نئی لہر نے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ منگل سے اب تک عراق میں 180 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.