عدالتی حکم پر نائیکی کے شیطانی جوتوں کی فروخت پر پابندی

لاہور (نیوز ڈیسک) عدالتی حکم کے بعد جوتے بنانے والی امریکی کمپنی نے انسانی خون کے قطرے کے ساتھ بنائے گئے ’شیطانی جوتوں‘ کی فروخت بند کردی۔

انسانی خون کے قطرے کے ساتھ ’شیطانی جوتوں‘ کو بنانے پر امریکی کمپنی ’ایم ایس ایچ ایف‘ پر معروف ملٹی نیشنل اسپورٹس مصنوعات برانڈ ’نائیکی‘ نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

’نائیکی‘ نے ’ایم ایس ایچ ایف‘ کمپنی کے خلاف نیویارک کی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ جوتے بنانے والی کمپنی نے ان کا ڈیزائن چوری کیا۔

’نائیکی‘ نے درخواست میں کہا تھا کہ دوسری امریکی کمپنی نے ان کے جوتوں کا ڈیزائن چوری کرکے جوتے بنائے اور لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ مذکورہ ڈیزائن کی اجازت نائیکی نے دی ہے اور ان کا نام بدنام ہو رہا ہے۔

’نائیکی‘ کا کہنا تھا کہ ان کا نام اس لیے بدنام ہو رہا ہے، کیوں کہ مذکورہ جوتوں کے تلووں میں سیاہی اور انسانی خون کے قطرے موجود ہیں۔

’نائیکی‘ کی درخواست کے بعد اب امریکی عدالت نے دوسری کمپنی ’ایم ایس ایچ ایف‘ کو نہ صرف مزید نئے جوتے بنانے سے روک دیا بلکہ بنائے گئے جوتوں کی فروخت سے بھی روک دیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نیویارک کے علاقے بروکلن کی مقامی عدالت نے نائیکی کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے دوسری کمپنی کو ’شیطانی جوتوں‘ کی فروخت سے روک دیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد کمپنی نے بنائے گئے 666 جوتوں کی ڈیلیوری بھی روک دی، کمپنی کے تمام ہی تیار کیے گئے جوتے متعارف کرائے جانے کے ایک منٹ بعد ہی آن لائن فروخت ہوگئے تھے مگر ان کی ڈیلیوری ابھی باقی تھی۔

عدالتی حکم کے بعد کمپنی نے ’شیطانی جوتوں‘ کی ڈیلیوری کو بند کرنے سمیت نئے جوتوں کی تیاری بھی روک دی تاہم ساتھ ہی اس امید کا اظہار کیا کہ ’نائیکی‘ ان کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

خیال رہے کہ امریکی کمپنی نے جوتوں کو ریپر لل ناس ایکس (Lil Nas X) کے اشتراک کے ساتھ متعارف کرایا تھا مگر ’نائیکی‘ نے گلوکار کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر نہیں کیا تھا۔

مذکورہ جوتوں کو سیاہ و سرخ رنگ میں پیش کیا گیا تھا اور کمپنی نے ’شیطانی جوتوں‘ کے صرف 666 جوڑے بنائے تھے اور ہر جوڑے کی قیمت تقریبا 1100 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد رکھی تھی۔

مذکورہ جوتوں کے تلووں کے نیچے سرخ سیاہی کے ساتھ ہر جوتے میں ایک انسانی خون کا قطرہ بھی شامل کیا گیا ہے اور استعمال کیے گئے خون کے قطرے جوتے کے ڈیزائن بنانے والی ٹیم کے ارکان نے عطیہ کیے تھے۔

مذکورہ متنازع ’شیطانی جوتوں‘ پر نہ صرف نائیکی کے لوگو سے ملتا جلتا لوگو موجود ہے بلکہ اس پر مسیحیوں کی مقدس کتاب کی ایک آیت بھی کوڈ کی گئی ہے۔

’شیطانی جوتوں‘ پر انسانی خون کے قطرے شامل ہونے سمیت ان پر مسیحیوں کے مقدس کتاب کی آیات کا مفہوم دینے پر بھی لوگ برہم تھے اور گلوکار سمیت جوتے بنانے والی کمپنی کے خلاف مظاہرے بھی جاری ہیں۔

اگرچہ کمپنی کےتمام ہی جوڑے متعارف کرائے جانے کے ایک منٹ بعد ہی آن لائن فروخت ہوگئے تھے مگر ان کی ڈیلیوری باقی تھی مگر اب ان کی ڈیلیوری بھی روک دی گئی۔

تبصرے بند ہیں.