عبدالرزاق کو اسکواڈ میں واپسی کا گرین سگنل مل گیا

لاہور: قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے عبدالرزاق کو جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلیے اسکواڈ کا حصہ بنانے کا گرین سگنل دے دیا۔ سلیکٹرز اس سے قبل ان کا فٹنس ٹیسٹ لینا چاہتے ہیں جس کیلیے 24 ستمبر کو طلبی متوقع ہے۔ یاد رہے کہ عبدالرزاق گذشتہ کچھ عرصے سے قومی اسکواڈ سے باہر ہیں،انھوں نے آخری مرتبہ 2012 میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، ان کا کہنا ہے کہ میں ہر وقت فٹنس ٹیسٹ دینے کیلیے تیار ہوں۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں مکمل فٹ اور قومی ٹیم کی دوبارہ نمائندگی کیلیے بے چین ہوں، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے انتخاب ہوا تو اپنے کھیل سے ٹیم کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کروں گا۔ عبدالرزاق نے کہا کہ میری این سی اے میں سلیکٹرز سے بات ہوئی، ان کا کہنا ہے کہ اپنی پریکٹس جاری رکھوں، ٹیموں کا انتخاب کرتے وقت نام پر غور کیا جائے گا۔ایک سوال پر آل رائونڈر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل اور جنوبی افریقہ وسری لنکا کو یو اے ای کی کنڈیشنز میں شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.