عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنر محمود بھٹی نے فیشن کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا

لاہور: مغربی فیشن انڈسٹری پر کئی برسوں تک راج کرنے والے پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے فیشن کی دنیا کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا، انھوں نے اپنی بقیہ زندگی فلاحی کاموں کے لیے وقف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وہ پاکستان میں میڈیکل کالج، اسپتال سمیت دیگر فلاحی کام کرنے کے لیے جلد ہی وطن واپس لوٹیں گے۔ 70ء کی دہائی میں اعلیٰ تعلیم کی غرض سے فرانس جانے والے محمود بھٹی کو اپنے ابتدائی دور میں ایک اسٹور پر بطورہیلپر کام کرنے کا موقع ملا جہاں بعد میں انھیں پیکنگ کی ملازمت مل گئی، اس دوران تعلیم کا سلسلہ جاری رہا اورپھر اسی جگہ انھیں بطورسیلزمین کام مل گیا۔ ایک طرف انھوں نے پیرس کی مقامی یونیورسٹی سے ’’ایم بی اے‘‘ کی ڈگری حاصل کی اوردوسری جانب وہ اپنی محنت، لگن اور ویژن کی بدولت ترقی کی راہ پرگامزن رہے، انھوں نے ڈیزائن کردہ ملبوسات کا برانڈ متعارف کروایا جس نے فرانس سمیت یورپی ممالک میں شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا۔محمود بھٹی واحد پاکستانی ہیں جنہوں نے دنیا کی سب سے بڑی فیشن انڈسٹری میں اپنے منفرد کام کی بدولت نام اور مقام حاصل کیا، انھیں فیشن کی دنیا میں قدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور فرانس سمیت دیگر یورپی ممالک کے معروف ٹی وی چینلز نے ان پر خصوصی ڈاکومنٹریاں بنائیں۔ دوسری جانب محمود بھٹی نے فلاحی کاموں کا سلسلہ بھی جاری رکھا، انھوں نے لاہور میں ایک جدید اسپتال قائم کیا جہاں پر غریب لوگوں کا علاج مفت کیا جاتا ہے جب کہ معروف ہدایتکارہ شمیم آراء سمیت بہت سے فنکار اس اسپتال سے علاج کروا چکے ہیں۔ محمود بھٹی نے گزشتہ روز فرانس سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے ہمیشہ کے لیے فیشن انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے، میں نے فیشن کی دنیا میں کام کرتے ہوئے ایک منفرد پہچان بنائی جس سے پاکستان کا نام بھی خوب روشن ہوا، تاہم اب میں اپنی تمام عمر فلاحی کام کر کے گزارنا چاہتا ہوں، اس لیے میں رواں ماہ پاکستان آ رہا ہوں اور پھر یہاں پر میڈیکل کالج کے قیام کے لیے کام شروع کرونگا، میں ملک بھر میں میڈیکل کالجز اور اسپتال بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں تاکہ غریب اور نادار لوگوں کا علاج کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ رواں برس کے آخر میں لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں گرینڈ پروگرام بھی منعقد کرنے کا ارادہ ہے، ان پروگراموں میں فرانس کے معروف فنکار پرفارم کرینگے، ان کا کہنا تھا کہ میں مستقبل میں بہت سے مثبت پراجیکٹس شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں جس کا فائدہ پاکستانیوں کو ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.