شکست کی ذمہ دار انوشکا شرما ہیں، بھارتی عوام اداکارہ پر برس پڑے

ورلڈ کپ سیمی فائنل میں عبرتناک شکست پر بھارتی عوام آپے سے باہر ہوگئے۔ ٹوئٹر پر انوشکا شرما کے خلاف خوب بھڑاس نکالی جا رہی ہے۔ شکست کا ذمہ دار بھی اداکارہ کو ہی قرار دے ڈالا۔

ممبئی:ورلڈ کپ سیمی فائنل میں بھارتی تماشائی اپنے کرکٹرز کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے بے چاری انوشکا پر برس پڑے۔ ٹیم کی ذلت آمیز شکست کا غصہ بھارتی شہریوں نے ٹویٹر پر انوشکا شرما پر نکالا۔ انوشکا شرما تو ویرات کوہلی کو ان ایکشن دیکھنے اور اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے سڈنی کرکٹ سٹیڈیم میں موجود تھیں لیکن سیمی فائنل مقابلے کے دوران ان کی سٹیڈیم میں موجودگی ہی انہیں بھاری پڑ گئی۔ کوہلی کے آؤٹ ہونے پر ان کا ری ایکشن بھی سب کے سامنے ہے جب انہوں نے اپنا چہرہ افسردہ بنا لیا تھا۔ سجامی رابطے کی ویب سائٹس پر کسی نے انوشکا کی سٹیڈیم میں موجودگی کو منحوس کہا تو کوئی انوشکا اور کوہلی کے معاشقے کو ہار کی وجہ قرار دیتا رہا۔ ایک یوزر نے لکھا کہ کوہلی کو انوشکا سے دوری برداشت نا ہوئی لہذا جلدی آوٹ ہو کر باہر آ گئے۔ ایک یوزر نے ٹوئٹ کیا کہ انوشکا شرما اپنے بوائے فرینڈ کوہلی کو چھوڑ کر”سرفراز ” کی ہو گئی ہیں۔ کچھ لوگوں نے لکھا کہ انوشکاشرما سٹیڈیم میں آسٹریلیا کو سپورٹ کرنے آئیں تھیں۔ بعض بھارتی شہری گندی زبان بھی استعمال کرتے رہے۔ بھارتی عوام کی جانب سے انوشکا اور کوہلی کے خلاف مضحکہ خیز تصاویر اور لطیفے ٹویٹ کرکے غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.