شفاف الیکشن کا وعدہ پورا کر دیا، اقتدار بغیر تاخیر منتقل کرینگے، نگراں وزیر اعظم

اسلام آ باد: وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو نے عام انتخابات میں بڑی تعداد میں لوگوں کے باہر آنے اور ووٹ کاسٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں حکومت آئین کے مطابق اقتدار عوام کے نمائندوں کو بغیر کسی تاخیر کے منتقل کر دے گی۔ وزیر اعظم نے تمام سیاسی جماعتوں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے علاوہ الیکشن کمیشن، قانون نافذ کرنے والے اداروں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں، میڈیا اور سول سوسائٹی کا نگراں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے عام انتخابات کا انعقاد شفاف اور آزادانہ انداز میں کرا کر اپنا وعدہ پورا کر دیا، اس سے جمہوریت اور جمہوری اقدار کو استحکام ملے گا۔ قبل ازیں وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو پورے ملک میں انتخابات کے انعقاد کی ذاتی طور پر کڑی نگرانی کرتے رہے اور وفاقی و صوبائی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔اس سلسلے میں انھوں نے ہفتے کو وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی، وزیراعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا طارق پرویز خان، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش بروزئی، وزیر داخلہ ملک حبیب اور وزیر پانی و بجلی ڈاکٹر مصدق ملک سے رابطہ کیا۔انھوں نے وزرائے اعلیٰ سے ووٹرز کا ٹرن آؤٹ اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ انھوں نیوزیر داخلہ سے بعض مقامات پر ناخوشگوار واقعات کی رپورٹس کے بعد قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی جانب سے اقدامات کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر پانی و بجلی نے انھیں بتایا کہ ان کی ہدایات کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے۔

تبصرے بند ہیں.