شعیب کو ایمرجنگ پلیئرز کے ساتھ ٹریننگ کی ہدایت

کراچی: نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے آل راؤنڈر شعیب ملک کو ایمرجنگ پلیئرز کے ساتھ ٹریننگ کی ہدایت کر دی،دونوں کی ملاقات گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین نے شعیب ملک سے استفسار کیا کہ وہ ٹیم سے کیوں باہر ہوئے، اس پر انھیں بتایا گیا کہ چیمپئنز ٹرافی میں بدترین شکست کے بعد وہ قربانی کا بکرا بنے جبکہ دیگر پلیئرز برقرار رہے، ذرائع نے مزید کہا کہ اس موقع پر مستقبل میں ضرورت پڑنے پر کپتانی سنبھالنے کے حوالے سے بھی شعیب ملک سے رائے جانی گئی مگر انھوں نے عدم دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 16 کھلاڑیوں کو خوش رکھنا ان کے بس کی بات نہیں، وہ بطور عام کھلاڑی ہی پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہیں گے۔چیئرمین نے آل راؤنڈر کو یقین دلایا کہ مستقبل میں ان کیساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، انھیں این سی اے میں جاری ایمرجنگ کیمپ جوائن کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ اس ضمن میں مزید تفصیلات جاننے کیلیے شعیب ملک سے رابطے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی جبکہ پی سی بی ترجمان نے صرف اتنا بتایا کہ آل راؤنڈر کی چیئرمین سے ملاقات ہوئی تھی۔ یاد رہے کہ شعیب نے گذشتہ دنوں کیریبیئن لیگ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا، انھیں جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان روشن ہے۔

تبصرے بند ہیں.