شروتی ہاسن اگلے برس ’’ویلکم بیک‘‘ میں سینما اسکرین پر دھوم مچائیں گی

بالی وڈ اداکارہ ،گلوکار اور میوزک ڈائریکٹر شروتی ہاسن اگلے برس تین سپر اسٹار جان ابراہم ، نانا پاٹیکر اور انیل کپور کے ساتھ ہدایتکار انیس بزمی کی فلم ’’ویلکم بیک‘‘ میں سینما اسکرین پر نظر آئیں گی۔ 2007 میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ’’ ویلکم ‘‘ کا سیکوئل میں نانا پاٹیکر اور انیل کپور اپنے پرانے کردار شنکر سیٹھی اور منوج بھائی پر جب کہ جان ابراہم اور شروتی ہاسن پریکوئل میں اکشے کمار اور کترینہ کیف کے ادا کیے جانے والے کرداروں پر پرفارم کررہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن بھی اس فلم میں کام کررہے ہیں اور وہ ’’ویلکم‘‘میں فیروزخان کے کردار ’’آر ڈی ایکس‘‘ کے روپ میں ہیں مگر ان کا یہ کردار پہلی فلم سے بہت مختلف ہے ۔فیروزناڈیہ والہ ( Firoz Nadiadwala)کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی فلم کی دیگر کاسٹ میں مشتاق خان ادی ایرانی اور سمبھاونہ سیتھ بھی اہم کردار کررہے ہیں ۔’’ویلکم بیک‘‘ کا میوزک انو ملک نے ترتیب دیا ہے اور اس کے گانے منوج منتاشر نے لکھے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فلم کی شوٹنگز ان دنوں اختتامی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں جب کہ اس فل کا ٹریلر بھی جاری کیا جاچکا ہے ۔ اس فلم کو پہلے سال رواں کے دوران اگست میں ریلیز کیا جانا تھا مگر چند وجوہات کی بنا پر اسی کی ریلیز میں تاخیر کی گئی فلمساز کے مطابق’’ ویلکم بیک ‘‘کوآئندہ برس مارچ میں سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ گلوکاری کے شعبے میں دھاک بٹھانیوالی 27سالہ بالی وڈ اداکارہ گلوکارہ ،میوزک ڈائریکٹر شروتی ہاسن نے کئی بالی وڈ فلمیں کی ہیں ۔سائوتھ میں ان کی پرفارمنس کے چرچے ہیں ۔سال رواں کے دوران اس کی دو فلمیں ’’ڈی ڈیز‘‘ اور ’’رمیا وستہ ویا ‘‘ سینما گھروں کی زینت بن چکی ہیں سائوتھ اور بالی وڈ کے ممتاز اداکار کمل ہاسن اور اداکارہ ساریکا کی صاحبزادی نے فلمی سفر کا آغاز 2000میں کیا ۔ شروتی ہاسن کا کہنا ہے کہ میں پہلی فلموں کی طرح ’’ویلکم بیک‘‘ میں بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے اور جب یہ سینما گھروں کی زینت بنے گی تو شائقین کو ضرور میرا کام پسند آئے گا۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ فلموں میں رقص اور وہ بھی آئٹم سانگ کی ضرورت پہلے سے بہت زیادہ بڑھ چکی ہے اسی چیز کو دیکھتے ہوئے میں نے شروع سے ہی رقص پر بہت توجہ دی ہے اور رقص کو اپنی تعلیم کے حصہ بنایا اداکارہ کا کہنا تھا کہ فنکار گھرانے سے تعلق نے مجھے فن سے پیار کا بھی درس دیا اور میں نے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے جن شعبوں کا انتخاب کیا اس میں مجھے اچھا رسانس ملا ہے ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ اداکارائیں اپنی پرفارمنس کو میچور بنانے کی مشق کریں گی تو انھیں مشکل نہیں ہوگی ۔ان کے قدرتی حسن میں اداکارانہ صلاحیتوں کی پختگی انھیں کامیابی کی منزل پر لے جائے گی ۔انھوں نے کہا کہ فلم کی کامیابی کے علاوہ بھی کچھ تقاضے ہوتے ہیں جنھیں ہر حال میں سامنے رکھنا ضروری ہوتا ہے ۔فنکار مسلسل سیکھتا رہتا ہے اور اس کی سیکھنے کی محنت ہی اس کے فن میں نکھار لاتی ہے ۔اداکارہ کا اپنے ماضی کے متعلق کہنا تھا کہ میں نے صرف چھ برس کی عمر میں اپنے والد کمل ہاسن کی فلم ’’چاچی 420‘‘کے لیے گیت گایا ۔ جس پر میری گلوکاری کو سراہا گیا اس فلم میں میری پرفارمنس کویادگار بنانے میں کمپوزر کا بھی بڑا کمال تھا اور اسی گیت سے میں نے گلوکاری کی شروعات کی تھیں اور بعد میں باقاعدہ گلوکاری کی تربیت حاسل کی اورمشہور گلوکار یسو داس کے ساتھ ملکر دوگانے کے لیے آواز کا جادو جگایا ۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اپنی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہوں ۔فلم ویلکم بیک میں بھی اپنے کردارکو بہترطریقے سے کرنے کی پوری کوشش کی ہے ۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہر اداکارہ کی طرح مجھے بھی ایک اچھی کہانی اور کردار کی تلاش رہتی ہے اور کسی بھی فلم کو سائن کرنے سے قبل اس میں اپنے کردار کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہوں اور جب تک مجھے اس کے متعلق مکمل طور پر علم نہ ہوجائے کام کرنے کی حامی نہیں بھرتی۔ واضح رہے کہ اداکاری ،اور گلوکاری کے شعبے میں عمدہ پرفارم کرنے والی شروتی کا پورا نام شروتی راجا لکشمی ہاسن ہے ۔شروتی نے ابتدائی تعلیم چنائی سے حاصل کی اور پھر سائیکالوجی میں اعلیٰ تعیلم کے لیے ممبئی کے سینٹ اینڈریو کالج میں داخلہ لے لیا ،شروتی نے کیمرے اور میوزک کی تعیلم حاصل کرنے کے لیے دلچسپی لی اور پھر اس کام کے لیے امریکا چلی گئیں ۔امریکا سے واپسی پر ماڈلنگ اور اداکاری کے شعبے میں بھی پرفارم کیا اور اپنے کام سے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں ۔اداکارہ کی پہلی فلم ’’ہائے رام‘‘2011میں ریلیز کی گئی۔ 2009میں فلم ’’لک‘‘میں کردار نبھایا۔ 2011کے دوران اداکارہ نے تلگو فلم میں پریا کے کردار کو امر کرکے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کرالیا۔ اسی سال اداکارہ نے فلم ’’دل تو بچہ ہے جی ‘‘ میں کام کرکے داد وصول کی۔ اسی سال پھر انھیں سائوتھ کی بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ جب کہ تامل فلم میں عمدہ پرفارمنس پر بھی ان کی اس ایوارڈ کے لیے نامزدگی ہوئی۔2012میں تلیگو فلم گبر سنگھ اور تامل فلم تین میں جلوہ گر ہوئیں۔ 2013کے دوران ادکارہ کی دو تیلگو فلمیں ’’بالوپو‘‘ اور رمیاوستہ ویا جب کہ دو ہندی فلمیں رمیا وستا ویہ‘‘ اور ڈی ڈے سینما گھروں کی زینت بنیں اگلے برس دوفلمیں ایک تلگو فلم ’’ریس گرام‘‘ اور ہندی فلم ’’ویلکم بیک‘‘ ریلیز کی جائے گی۔ بالی ووڈ کے فلم نقادوں کا کہنا ہے کہ شروتی ہاسن نے اپنے والدین سے بہت کچھ سیکھا ہے آنیوالے دور کی اداکارائوں میں شروتی کا نام بھی نمایاں ہوگا ۔۔

تبصرے بند ہیں.