شدید بارشوں کے باعث کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے سے تاجروں کو مالی نقصان کا سامنا

کراچی: کراچی کے مرکزی بازاروں میں بارش کا پانی اور کیچڑ جمع ہونے سے تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔

تاجربرادری نے صوبائی وزیر بلدیات، کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں سے بارش کے پانی کی نکاسی اور صفائی ستھرائی کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ سندھ تاجر اتحاد کے جنرل سیکریٹری اسماعیل لالپوریہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ایم اے جناح روڈ سے ٹاور تک واقع کراچی کے تمام مرکزی بازار نشیب میں واقع ہونے کے ساتھ ان بازاروں میں برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی اور کیچڑ جمع ہوگئی ہے۔

بارش کا پانی دکانوں اور گوداموں میں داخل ہونے سے تاجروں کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔ شہر کے مرکزی بازار جامع کلاتھ، آرام باغ، اﷲ والا مارکیٹ، پیپر مارکیٹ، لائٹ ہاؤس، جوڑیا بازار، چھانٹی گلی، میڈیسن مارکیٹ میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے اور دکانداروں کا اپنی دکانوں اور گوداموں تک پہنچنا محال ہے۔ ان علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے پیشگی اقدامات کا ایک ماہ قبل ہی مطالبہ کیا گیا تھا تاہم حکومت اور انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔

تبصرے بند ہیں.