شبر زیدی برطرف ، نوشین جاوید امجدچیئرپرسن ایف بی آر تعینات

اسلام آباد (کامرس رپورٹر)حکومت نے شبر زیدی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے نوشین جاوید امجد کو نیا چیئرپرسن تعینات کردیا، نوشین جاوید امجد ان لینڈ ریونیو سروس کی 22 ویں گریڈ کی افسر ہیں جو اس وقت (ایڈمنسٹریشن) رکن کے طور پر تعینات ہیں۔ادھر وفاقی کابینہ کی جانب سے سرکولیشن کے ذریعے نئی چیئرپرسن ایف بی آر کی سمری کی منظوری دی، اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کی جانب سے جاری نوٹفیکیشن کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے ‘متفقہ طور پر تجویز’ دی کہ نوشین جاوید امجد کو نیا چیئرمین تعینات کرنا چاہیے، ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا کہ شبر زیدی کو 2 سال کے عرصے کے لیے اعزازی بنیادوں پر چیئرپرسن تعینات کیا گیا تھا۔ رواں سال جنوری میں طبعیت ناسازی کی بنیاد پر شبر زیدی غیرمعینہ مدت کے لیے چھٹیوں پر چلے گئے تھے جس کے بعد نوشین جاوید امجد قائم مقام چیئرپرسن کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں، اس حوالے سے شبر زیدی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ کراچی میں علاج کی وجہ سے چھٹیوں پر ہیں۔ 9 مئی 2019 کو وفاقی حکومت نے شبر زیدی کی دو سال کے لیے وفاقی ریونیو بورڈ کے اعزازی چیئرمین کے طور پر تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا، شبر زیدی کی بطور چیئرمین تعیناتی کے فیصلے پر ایف بی آر کے اندر سے ہی سخت تنقید سامنے آئی تھی اور وہاں موجود ان لینڈ ریونیو آفیسرز ایسوسی ایشن نے اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے عدالتی کارروائی کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد ان کی تعیناتی کو عدالت عالیہ میں چیلنج بھی کیا گیا تھا جبکہ ان ک دور میں ہی تاجروں کی جانب سے پالیسیوں کے خلاف 2 مرتبہ ملک گیر ہڑتال کی تھی۔

تبصرے بند ہیں.