پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضابطہ بیان میں تو صرف اتنا کہا کہ پی سی بی پلیئرز کے علاج و ری ہیب کے اخراجات کی ذمہ داری ہمیشہ اٹھاتا رہا ہے اور آئندہ بھی اٹھاتا رہے گا تاہم معاملہ پر مزید تفتیش کے دوران پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ دبئی سے لندن روانگی کے لیے ٹکٹ شاہین آفریدی نے خود آن لائن بک کرایا تھا کیوں کہ وقت کی کمی کی وجہ سے لاجسٹک کا باضابطہ پراسس نہیں اپنایا جاسکتا تھا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق دبئی سے لندن کا ٹکٹ شاہین آفریدی نے خود ادا کیا تھا تاہم شاہین شاہ کے ری ہیب کے اخراجات پی سی بی کی جانب سے فاسٹ بولر کو ادا کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی برطانیہ میں ہوٹل، ری ہیب اور دیگر اخراجات کی رقم شاہین کو ادا کرے گا، ری ہیب کے لیے لندن روانگی اور اخراجات کی ادائیگی کے لیے کھلاڑی اور بورڈ میں اتفاق ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی چند روز ڈاکٹر ظفر کے ساتھ قیام کے بعد ہوٹل منتقل ہوئے تھے، کم وقت ہونے کی وجہ سے دبئی سے لندن روانگی کی ٹکٹ شاہین نے خود بک کی تھی۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ ڈاکٹر ظفر اور ڈاکٹر امتیاز پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل ایڈوائزری پینل کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے انکشاف کیا تھا کہ شاہین اپنے پیسوں پر انگلینڈ میں رکا ہوا ہے، ڈاکٹر سے رابطہ بھی میں نے یہاں سے کروا کر دیا، اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کچھ نہیں کر رہا۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں زخم کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد وہ ایشیا کپ میں بھی شرکت نہیں کر سکے اور اب شاہین انگلینڈ کے خلاف سیریز کا بھی حصہ نہیں ہوں گے البتہ انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.