شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے نئے شواہد ملے ہیں، برطانوی وزیراعظم

لندن: برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ برطانوی سائنسدانوں کو شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے نئے شواہد ملے ہیں۔ برطانوی سرکاری نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیوڈ کیمرون کاکہنا تھا کہ انگلینڈ کی پورٹن ڈاؤن لیبارٹری میں ماہر سائنسدانوں کی زیر نگرانی شام کے دارالحکومت دمشق سے ملحقہ علاقوں میں حملوں کے بعد حاصل کئے جانے والے نمونوں کا جائزہ لیا گیا جس میں زہریلی گیس کے استعمال کے شواہد ملے ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنے انٹریو کے دوران یہ بات واضح نہیں کی کہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال حکومت نے کیا یا باغیوں کی جانب سے کیا گیا۔ برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے شواہد دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے مزید شواہد جمع کرنے کےلئے پورٹن ڈاؤن لیباٹری میں اب بھی کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے نمونوں پر ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ واضح رہے کہ 21 اگست کو شام کے دارالحکومت دمشق کے ملحقہ علاقوں میں ہونے والے حملے میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا انکشاف ہوا تھا جس کا الزام شام کی حکومت پر عائد کیا جارہا ہے، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف امریکا اور اس کے اتحادی شام کے خلاف فوجی کارروائی پر غور کررہے ہیں تاہم روس کا مؤقف ہے کہ اقوم متحدہ کے معائنہ کارروں کی ٹیم کی تحقیقات کے بعد اگر کیمیائی ہھتیاروں کے استعمال کے شواہد سامنے آئے تو شام پر حملے کی حمایت کی جائے گی بصورت دیگر امریکا اوراس کے اتحادی ممالک کی کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کو جارحیت تصور کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.