سیمنٹ کی فروخت میں جولائی تا اپریل 4.09 فیصد اضافہ

کراچی: سیمنٹ کی مجموعی فروخت رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران 4.09 فیصد کے اضافے سے 27.664ملین ٹن تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26.576ملین ٹن رہی تھی۔ سیمنٹ مینوفیکچررز کے مطابق جولائی 2012 سے اپریل 2013 تک سیمنٹ کی مقامی کھپت 6.03 فیصد کے اضافے سے21 ملین ٹن تک پہنچ گئی، گزشتہ ماہ سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.123 ملین ٹن رہی جواپریل 2012 کے مقابلے میں 3.8 فیصد زیادہ ہے، اپریل 2013 میں 0.755ملین ٹن سیمنٹ برآمد کی گئی جو گزشتہ برس کے اسی عرصے سے 2.28 فیصد کم ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے ایک بیان میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں 6 فیصد سے زائد اضافے کو صحتمند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صورت حال پہلی مرتبہ دیکھنے میں آئی ہے تاہم بنیادی ایندھن کوئلے کے ذرائع آمدورفت اور سیمنٹ کی ترسیل کے اخراجات میں اضافہ برداشت کرنے کی وجہ سے سیمنٹ کی مقامی کھپت بڑھنے کایہ رحجان متاثر ہو سکتا ہے۔ ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ قومی شاہراہوں پر زیادہ سے زیادہ کارگو کے ایکسل لوڈحد میں 10 فیصد تک چھوٹ کا اعلان کرے، ایکسل لوڈکے اطلاق کے بعد، خام مال اور تیار اشیا کے اپنی منزل تک پہنچنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.