سیمنٹ کمپنیوں کامنافع 93 فیصد اضافے سے 31ارب ہوگیا

کراچی: مالی سال 2012-13کے دوران سیمنٹ کمپنیوں کی فروخت میں 15فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ لسٹڈ سیمنٹ کمپنیوں کی فروخت 151.2 ارب روپے رہی جبکہ مالی سال 2011-12کے دوران فروخت 131.2 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ فروخت میں اضافے کی اہم وجہ سیمنٹ کی قیمت میں ہونے والا 10 فیصد اضافہ ہے، گزشتہ مالی سال کے دوران سیمنٹ کی فی بوری کی قیمت 33روپے اضافے کے ساتھ 310 روپے سے بڑھ کر 343 روپے تک پہنچ گئی، اس دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 5فیصد جبکہ ایکسپورٹ میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔انٹرنیشنل مارکیٹ میں کوئلے کی قیمت کم ہونے سے سیمنٹ کمپنیوں کی لاگت میں نمایاں کمی واقع ہوئی جس سے منافع میں بھرپور اضافہ ہوگیا، سیمنٹ سیکٹر کی لسٹڈ کمپنیوں نے مجموعی طور پر 30.9 ارب روپے کا منافع کمایا جو مالی سال 2011-12کے دوران حاصل کردہ 16 ارب روپے کے منافع سے 93فیصد زائد رہا، شرح سود کم رہنے سے سیمنٹ کمپنیوں کی سودی ادائیگیاں بھی کم رہیں جس سے منافع پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

تبصرے بند ہیں.