سیریز گنوانے کے بعد شین واٹسن کا بیٹ بھی رنز اگلنے لگا،آسٹریلیا نے اوول ٹیسٹ میں ان کی سنچری سے تقویت پاتے ہوئے پہلے روز4وکٹ پر307 رنزجوڑ لیے۔ واٹسن نے کیریئر بیسٹ 176 رنز بنائے، یہ ان کے کیریئر کی تیسری اور پہلی ایشز سنچری ثابت ہوئی، جیمز اینڈرسن نے 2 وکٹیں لے کرآل ٹائم کامیاب انگلش بولرز میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی، باب ولس تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اوول ٹیسٹ کا ابتدائی دن مکمل طور پر شین واٹسن کے نام رہا،آسٹریلوی آل راؤنڈر نے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 176 رنز بنائے، وہ اختتامی لمحات میں براڈ کی گیند پر ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر پر پیٹرسن کا کیچ بن گئے، واٹسن نے اسٹیون اسمتھ کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلیے 145رنز کی شراکت قائم کی، دن کے اختتام پر اسمتھ 66 اور پیٹر سڈل 18 پر ناٹ آؤٹ تھے، قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اینڈرسن کو لوز شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ گنوا دی۔گیند بیٹ کے باہری کنارے کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر میٹ پرائر کے گلووز میں محفوظ ہوگئی، وارنر نے6 رنز بنائے، کرس روجرز اور واٹسن کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 107 رنز کی پارٹنر شپ نے کینگروز کو اطمینان فراہم کیا، ایسے میں اسپنر گریم سوان نے روجرز (23) کو سلپ میں ٹروٹ کا کیچ بنوا دیا، 144 پر آسٹریلیا کو تیسرا صدمہ کپتان کلارک کی پویلین رخصتی کی صورت میں برداشت کرنا پڑا، وہ اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہونے سے قبل محض 7 رنز بناسکے، واٹسن نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ اننگز کو عمدگی سے آگے بڑھایا، فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن 2 وکٹیں لے کر انگلینڈ کے دوسرے کامیاب ترین بولر بن گئے،ان کے مجموعی شکاروں کی تعداد326 ہوگئی، ای ین بوتھم 383 وکٹوں کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر فائز ہیں۔
تبصرے بند ہیں.