سونے ملکی میدانوں سے کارکردگی پر منفی اثر پڑا، مصباح الحق

پاکستانی کپتان مصباح الحق ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے فقدان پر سخت مایوس ہیں، انھوں نے کہا کہ سونے میدانوں کا ٹیم کی کارکردگی پر منفی اثر پڑا۔ اپنے ملک میں ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے سے اعتماد بڑھتا ہے، جب ٹیم اچھا پرفارم نہیں کرے تو میں دباؤ کا شکار ہوجاتا ہوں، صرف ایک کھلاڑی کچھ نہیں کرسکتا فتح کیلیے سب حصہ ڈالیں، اس وقت ہمارے بیٹسمینوں کی پرفارمنس زیادہ بہتر نہیں، چیمپئنز لیگ میں فیصل آباد وولفز کو اپنی ناتجربہ کاری کی وجہ سے شکست ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے موہالی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو حال ہی میں زمبابوے کے ہاتھوں ایک ون ڈے اور ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،ان کی ڈومیسٹک چیمپئن سائیڈ فیصل آباد وولفز بھارت میں دونوں ابتدائی میچز ہار کر چیمپئنز لیگ کے مین راؤنڈ کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ مصباح اس کی وجہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے فقدان کو سمجھتے ہیں۔ 2009 میں لاہور کے لبرٹی چوک پر دہشتگردوں نے سری لنکن ٹیم پر ایسی گولیاں برسائیں کہ یہاں سے انٹرنیشنل کرکٹ کا ہی جنازہ اٹھ گیا۔ مصباح کا کہنا ہے کہ جب آپ کے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ باقاعدگی سے کھیلی جائے تو اس کا کرکٹرز پر بھی مثبت اثر پڑتا ہے، اگر میچز نہ ہوں تو پھر آپ پلیئرز کو ایکشن میں ہی نہیں دیکھ پاتے، یہی فرق ہماری اور دوسری ٹیموں کا ہے، اپنے ملک میں کرکٹ کھیلنے سے اعتماد بڑھتا اور بیرون ملک کام آتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.