کراچی(بیورو رپورٹ ) محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفیکیشن کے تحت آج سے لاک ڈاون میں مختلف شعبہ جات سے منسلک افراد کو کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پلمبر، حجام، الیکٹریشن، مکینک، زرعی مشینری مکینک، سیمنٹ پلانٹ،کھاد انڈسٹری، اینٹوں کے بھٹے، ڈرائی کلینر، بلڈنگ میٹیریل، سینٹری شاپ، ماربلز فیکٹریز، ٹائلز شاپ، ٹیلر،کریانہ اور دودھ دھی کی شاپز صبح 6 سے رات 9 بجے تک کھولی جاسکیں گی۔نوٹی فکیشن کے مطابق ویٹرنری اسپتال، ای کامرس، سافٹ وئیر ڈیولپنگ، فلاحی تنظیموں کے دفاتر، منرلز پلانٹ، بک شاپ، فوٹوکاپی شاپ،کارپینٹرز، رنگ ساز، مستری، مزدور اور میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔اس کے علاوہ الیکٹرک اسٹور، شٹرنگ اسٹور، بیکریز، بینک، ہارڈویئر شاپ، لیبارٹریز، نجی اسپتال اور دیگر صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلیں گے لیکن ماسک اور ہر شاپ پر ہینڈ سینیٹائزر ہونا لازمی قراردیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ کے نئے نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے میں شام 5 بجے سے صبح 8 بجے تک عوام کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم ایمرجنسی، میڈیکل عملے، صحافیوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ محکمہ داخلہ کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے البتہ اس میں بھی ایمرجنسی، میڈیکل عملے اور صحافیوں کو سماجی دوری کیساتھ استثنیٰ حاصل ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فوڈ انڈسٹریز کے علاوہ تمام انڈسٹریز بند ہوں گی، گڈز ٹرانسپورٹ کو اشیائے ضروریہ اور میڈیکل کی ترسیل کی اجازت ہوگی، گڈز ٹرانسپورٹ میں کلینر کے علاوہ سواری اٹھانے پر پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔اس کے علاوہ سندھ میں جمعہ کو 12 سے ساڑھے 3 بجے تک عوام کی نکل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی، صرف ساڑھے 3 سے ساڑھے 6 بجے تک دکان?ں کھولی جاسکتی ہیں، محکمہ داخلہ کے مطابق مساجد کھلی ہوں گی، اذان ہوگی لیکن صرف عملہ نماز ادا کرے گا۔
تبصرے بند ہیں.