سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کر دی

سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت کے بعد سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

کراچی: () سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔ سابق صدر نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انھیں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی ہدایت کی تھی۔ آصف علی زرداری کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ سول اور ملٹری تعلقات ملک اور قوم کے مفادات میں ہیں جن کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔
واضع رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا تھا کہ رینجرز کو جو ذمہ داریاں دیں وہ انہوں نے پوری کیں۔ رینجرز کو بلا جواز تنقید کا نشانہ بنانا انتہائی نامناسب ہے۔ اگر کوئی تحفظات ہیں تو بیٹھ کر بات کی جا سکتی ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پچھلے چند دنوں سے کراچی میں رینجرز کے حوالے سے قیاس آرائیاں سُنی اور دیکھیں۔ میڈیا رپورٹ سے لگتا تھا کہ شاید رینجرز پاکستان کی نہیں بلکہ کرائے کی فورس ہے۔ کراچی میں امن وامان کے حوالے سے رینجرز کا اہم کردار ہے۔ رینجرز نے جان ہتھیلی پر رکھ کر کارکردگی دکھائی لیکن اس کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔ جوانوں کوخراج تحسین پیش کرنے کی بجائے اُلٹا ان کیخلاف بیانات انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز قانون کے مطابق اپنے مینڈیٹ کے اندر کام کر رہی ہے۔ یہ ممکن نہیں کہ وفاقی حکومت کسی طرح رینجرز کو نشانہ بننے دے۔ اگر رینجرز کے جوانوں کا تحفظ نہیں کر سکتے تو بہت بڑی زیادتی ہوگی۔
خیال رہے کہ سندھ میں رینجرز کے چھاپے مارنے اور گرفتاریاں کرنے کے اختیارات کی مدت آج رات 12 بجے ختم ہو رہی تھی۔

– S

تبصرے بند ہیں.