سلمان بٹ کے بعد آصف کا بھی اعتراف جرم پر غور

لاہور: سلمان بٹ اور محمد آصف اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے محمد آصف بھی اعتراف جرم پر غور کرنے لگے، پیسر پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق 2010کے نیوز آف دی ورلڈ کے اسٹنگ آپریشن کے ذریعے سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث کپتان سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر لندن کی عدالت سے ملنے والی قید کی سزائیں کاٹ چکے، تاہم آئی سی سی کی طرف سے عائد کی جانے والی پابندی کی وجہ سے ہر قسم کی کرکٹ سے دور رہنے پر مجبور ہیں، محمد عامر نے کیس کی سماعت کے دوران ہی اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف کرلیا تھا،مسلسل بے گناہی پر اصرار کرنے والے سلمان بٹ بھی جمعہ کو اپنا جرم قبول کرتے ہوئے ملک و قوم اور پرستاروں سے معافی مانگ کر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیے جانے کی التجا کر رہے ہیں، اب اسکینڈل کے تیسرے کردار محمد آصف بھی اپنی غلطی کا اعتراف کرنے پر غور کرنے لگے ہیں۔پیسر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف اس ضمن میں کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل پی سی بی کے عبوری چیئرمین اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات اور مشاورت کرنا چاہتے ہیں، ذرائع کے مطابق پیسر کی شدید خوہش ہے کہ ان پرکم ازکم ڈومیسٹک کرکٹ کے دروازے کھل جائیں، اس ضمن میں آئی سی سی اور بورڈ کی پالیسی میں کسی لچک کے امکانات نے انھیں اعتراف اور بحالی پرگرام میں شمولیت کا راستہ دکھایا ہے۔ یاد رہے کہ کرکٹ کی عالمی باڈی فکسنگ کے ہر کردار سے جرم قبول کرنے اور تحقیقات میں تعاون کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ کھیل کو کرپشن سے پاک کرنے کیلیے ٹھوس ا قدامات اٹھانے میں آسانی پیدا ہوسکے۔

تبصرے بند ہیں.