سعودی کابینہ نے جی سی سی معاہدے کی منظوری دیدی

جدہ: سعودی کابینہ نے تحویل مجرمین سے متعلق جی سی سی معاہدے کی منظوری دیدی۔ یہ معاہدہ سال رواں کے ماہ صفرکے دوران بحرین میں کیا گیا تھا جس کے مطابق خلیجی تعاون کونسل کے تمام رکن ممالک قانون یا نظام سے بغاوت کرنے والوں ،فریق ممالک کومطلوب افراد کے تعاقب میں ایک دوسرے سے تعاون کرینگے۔ مطلوبین کاکسی بھی ملک سے تعلق ہوگا انھیں گرفتارکرنے اور کرانے میں مدددی جائے گی۔ اجلاس کی صدارت ولی عہدنائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔وزیرثقافت واطلاعات ڈاکٹر عبدالعزیز خوجہ نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے عالمی برادری سے ایک بار پھرمطالبہ کیا کہ شام میں خونریزی بندکرانے اور شامی فوج کے حملوں کے مقابلے کے لیے حریت پسندوں کو عالمی امدادکی فراہمی کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔شامی عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔کابینہ نے عمرہ سیزن کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے پرمسرت کا اظہار کیا50لاکھ سے زیادہ معتمرین کی آمد اور واپسی پراطمینان کا اظہار کیا گیا۔کابینہ نے اقامہ ولیبرقوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے تمام تارکین کو یاددہانی کرائی کہ مہلت میں جو توسیع کی گئی تھی وہ ذی الحجہ کے آخر میں ختم ہوگی۔کابینہ نے وزیر نقل و حمل کو جرمنی کے ساتھ جہاز رانی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے کا اختیار تفویض کیا۔

تبصرے بند ہیں.