نیویارک( نیٹ نیوز ) امریکہ کی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ نے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرینا ولیمز رواں ماہ کینٹکی میں ایک نئے ڈبلیو ٹی اے ہارڈ انڈورکورٹ ٹورنامنٹ میں واپسی کریںگی۔کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 10 اگست سے شروع ہوگا جس میں چھ مرتبہ یو ایس اوپن کی فاتح سرینا ولیمز اور 2017ء میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والی امریکی ٹینس سٹار سلونی سٹیفنز ڈبلیو ٹی اے کھیل دوبارہ شروع ہونے پر میدان میں ایکشن میں نظر آئیں گی، سرینا ولیمز رواں سال فروری میں ہونے والے فیڈ کپ میں امریکہ کی نمائندگی کے بعد سے نہیں کھیلی ہیں۔کورونا وائرس کے باعث ڈبلیو ٹی اے ٹور کے ساتھ ساتھ بیشتر عالمی کھیلوں کی سرگرمیاں پوری دنیا میں متاثر ہوئیں ہیں۔ ڈبلیو ٹی اے ٹور ایونٹس رواں 3 اگست سے دوبارہ شروع ہو چکے ہیں۔38 سالہ سرینا ولیمز نے پہلے ہی کہا ہے کہ وہ رواں ماہ شیڈول گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی، جس کا آغاز 31 اگست کو نیویارک میں ہوگا۔ کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ دو نئے ایونٹس میں سے ایک ہے جس کی تصدیق ڈبلیو ٹی اے کے چیف ایگزیکٹو سٹیو سائمن نے گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے کی تھی۔ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کا آغاز 3 اگست سے اٹلی میں پالرمو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دوبارہ ہو چکا ہے۔ سرینا ولیمز نے رواں سال کے یو ایس اوپن ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی تصدیق گزشتہ ماہ کی تھی جب یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں بند ہونے کے بعد پہلا گرینڈ سلام حفاظتی تدابیرکے ساتھ انجام دے سکتے ہیں۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست رہنے والے کھلاڑیوں نے میگا ایونٹ کے انعقاد کی حکمت عملی پر سوال اٹھائے تھے جس پر یو ایس ٹی اے نے کہا کہ یہ میگا ٹورنامنٹ 31 اگست سے 13 ستمبر کو نیویارک کے نیشنل ٹینس سینٹر میں بغیر تماشائیوں کے منعقد ہوگا۔
تبصرے بند ہیں.